اسلام آباد (ملت + اے پی پی) قومی اسمبلی کے اجلاس کی کارروائی کورم کی وجہ سے جمعہ کو معطل رہنے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کے ارکان اپنی نشستوں پر بیٹھے رہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایوان میں بیٹھے رہنا ہمارا حق ہے اور ہم بغیر مائیک کے بھی بات کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہاتھا پائی کا کلچر پی ٹی آئی کی طرف سے متعارف کرایا جارہا ہے جو درست نہیں ہے۔ مسلم لیگ (ن) لڑائی جھگڑا نہیں چاہتی تاہم اس بات کی کسی کو اجازت نہیں دے سکتے کہ ان کے ہاتھ ہمارے گریبانوں تک پہنچیں۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر نے جو کمیٹی قائم کی ہے ہم اس کمیٹی کے فیصلے کے پابند ہیں۔ یہ نوجوان اڑ اڑ کر اس طرح بات کرتے ہیں جس طرح انہیں سپرنگ لگے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر حاجی شاہ جی گل آفریدی نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے ان کا نام کمیٹی میں شامل کرنے کے لئے کہا ہے، میں یہ چاہتا ہوں کہ ایوان میں مل بیٹھ کر پیار محبت کے ساتھ یہ مسئلہ حل کرلیا جائے۔ ایوان کے باہر اس طرح کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا۔ میاں جاوید لطیف نے اس موقع پر کہا کہ عمران خان نے اس واقعہ کے بعد جو ردعمل ظاہر کیا ہے وہ انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز انہوں نے مراد سعید کو بچہ سمجھ کر معاف کردیا ہے کیونکہ ہم بچوں پر ہاتھ نہیں اٹھاتے۔
خبرنامہ
ہاتھا پائی کا کلچر پی ٹی آئی کی طرف سے متعارف کرایا جارہا ہے: خواجہ سعد
