ننکانہ صاحب (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر مذہبی سردار محمد یوسف نے تمام سکھ برادری کو گرو نانک جی کے 548وین جنم دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے گردواروں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی ہے ،سکھ قوم کویہاں سرکاری اور عوامی سطح پر بھارتی پنجاب سے زیادہ پیار ملتا ہے ، بابا گرو نانک جیسی عظیم ہستی پنجاب کو دوبارہ کبھی نصیب نہیں ہوگی۔ پیر کو انہوں نے کہا تمام سکھ برادری کو گرو نانک جی کے 548ویں جنم دن کی مبارکبادپیش کرتا ہوں۔ سکھ قوم کویہاں سرکاری اور عوامی سطح پر بھارتی پنجاب سے زیادہ پیار ملتا ہے۔ ہماری حکومت نے گردواروں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امورو بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات میں دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے بابا گرو نانک کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی عظیم ہستی پنجاب کو دوبارہ کبھی نصیب نہیں ہوگی۔ ان کی ہستی مذہبی رواداری کی بہترین مثال تھی۔ انہیں کسی مذہب سے نفرت نہیں تھی۔ مگر ایک رب کے نظریے سے ہٹ کر انہیں کوئی اور شے قبول نہیں تھی۔ اسی لیے انہوں نے مورتی پوجا اور ذات پات کی بنیاد پر قائم برہمن راج پر کڑی ضرب لگائی اور بغیر کسی ڈر اور خوف کے اپنی فکر کا اظہار کھل کر کیا۔ انہوں نے کہا کہ سکھ اور مسلمان دونوں توحید پرست قومیں ہیں۔ ان دونوں قوموں کو بابا گرو نانک نے دوستی کے ایک مضبوط رشتے میں باندھ دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا پاکستان میں سکھ مذہب کے بہت سے مقدس مقامات ہیں اور سب سے بڑھ کر بابا گرو نانک جی کی پیدائش کا استھان اور جوتی جوت استھان بھی اسی دھرتی پر آباد ہیں جہاں ہر سال دنیا بھر سے سکھ یاتری آتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ ہمیں اپنے توحید پرست بھائیوں کی خدمت کا موقع ملتا ہے۔ ہمارے دورِ حکومت میں گردواروں کے انتظامات میں نکھار اور بہتری آئی ہے اور خصوصاصدیق الفاروق صاحب کی سربراہی میں ETPBکا عملہ آپ لوگوں کی خدمت میں دن رات ایک کر دیتا ہے۔ بھارت سے آئے سکھ یاتریوں کے دلوں میں بعض اوقات کچھ شکوک و شبہات ہوتے ہیں کیونکہ بھارت میں پاکستان کے خلاف بہت منفی پراپیگنڈا کیا جاتا ہے۔ لیکن یہاں آ کر جب اپنی آنکھوں سے سکھوں اورمسلمانوں کو پیار و محبت اور بھائی چارے سے رہتا دیکھتے ہیں تو آنکھوں سے اس منفی پراپیگنڈے اور تعصب کی عینک اتر جاتی ہے۔ سردار محمد یوسف نے پوری دنیا اور خصوصاً بھارت سے آئے سکھ یاتریوں سے کہا کہ وہ اس منفی تاثر کا ردکریں اور دنیا کو بتائیں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جہاں سکھوں سمیت تمام مذاہب کے ماننے والوں کو اپنے عقائد پر عمل پیرا ہونے کی مکمل آزادی ہے اور ان کے مقدس مقامات کی پوری حفاظت کی جاتی ہے۔ ہمیں مل کر سکھ مسلم دوستی کے پل کو مضبوط بنانا ہے۔ سردار محمد یوسف نے سکھ یاتریوں کے بہترین انتظامات پر متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
خبرنامہ
ہماری حکومت نے گردواروں کی دیکھ بھال پر خصوصی توجہ دی ہے: محمد یوسف
