ننکانہ صاحب (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی بہترین کارکردگی ہی آئندہ انتخابات میں اس کی شاندار کارکردگی کی ضمانت بن چکی ہے۔انہوں نے یہ بات آج ضلع ننکانہ کی تحصیل شاہ کوٹ کے نواحی قصبے چاکیریاں میں سوئی گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔جس کو نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک بھی سراہا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ محمدنواز شریف کے وژن کو پوری دُنیا میں پذیرائی حاصل ہوئی ہے کہ بین الاقوامی دُنیا اس امر کی متعرف ہو چکی ہے کہ بے شمار چیلنجزز کے باوجود محمدنوازشریف نے آج پاکستان کو شاندار ترقی کی راہ پر گامزن کر دیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ رواں سال کے آخر تک لوڈشیڈنگ انتہائی محدود ہو جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ دسمبر 2017 تک تقریباً دس ہزارمیگا واٹ تک بجلی سسٹم میں شامل ہو جائے گی جس سے ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بجلی اور گیس کا بحران اُن کی حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج تھا جس پر حکومت اور اس کی ٹیم نے انتھک محنت کی اور درجنوں کثیر مدتی اور طویل مدتی منصوبے شروع کر کے اس چیلنج پر قابو پانے کی کوشش کی جس میں حکومت کو بے پناہ کامیابی حاصل ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے بند کارخانے چلانے کے لیے سب سے پہلے صنعت کے شعبے کو بجلی کی لوڈشیڈنگ سے استثنا قرار دیا اور بعد ازاں دیگر بجلی کی لوڈ شیڈنگ میں بتدریج کمی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور امن وامان کے چیلنج پر حکومت 80 فیصد قابو پا چکی ہے اور ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ مسلم لیگ (ن ) کی حکومت 2018 ء کے انتخابات سے قبل لوڈ شیڈنگ سے پاک اور معاشی لحاظ سے ایک خوشحال و پرامن ملک قوم کے حوالے کریں گے۔
خبرنامہ
ہماری کارکردگی ہی آئندہ انتخابات میں ہماری کامیابی کی ضمانت ہے
