اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ دستیاب وسائل کے بہتر انداز میں استعمال اور گڈ گورننس سے شہر کی تعمیر و ترقی کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ کم سے کم خرچ کر کے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ شہری سہولیات فراہم کی جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ اجلاس میں کیا۔ اجلاس مین سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن محمد یاسر پیرزادہ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن اسد محبوب کیانی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد میں صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے واٹر سپلائی کے پاس پرانے واٹر ٹینکرز کو سینی ٹیشن کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ یہ ٹینکرزشہر میں پانی کی سپلائی کرنے کے قابل نہ تھے لہذا انہیں سینی ٹیشن کے حوالے کر کے ان کی معمولی مرمت کے بعد انہیں شہر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے لیے استعمال میں لایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر چھ ناکارہ واٹر ٹینکرز سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کے حوالے کئے گئے ہیں جن کی با قاعدہ منظوری میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس میں دی۔ اس موقع پر میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اس سے قبل ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی دستیاب مشینری اور وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کروڑوں روپے کی بچت کی گئی ہے اور قومی خزانے کا درست اور بہتر استعمال نہ صرف ادارے میں گڈ گورننس کا باعث بنے گا بلکہ اس سے کروڑوں روپے کی بھی خاطر خواہ بچت ہو گی۔ انہوں نے سینی ٹیشن ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر ان واٹر ٹینکرز کی ضروری مرمت اور مطلوبہ تبدیل کے بعد استعمال میں لائیں تاکہ اسلام آباد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے کی جانے والی کاوشوں میں مزید بہتری آئے۔
خبرنامہ
ہماری کوشش؛ شہری سہولیات فراہم کی جائیں؛ شیخ انصر
