خبرنامہ

ہم باقاعدہ طورپر سعودی اتحاد کا حصہ ہیں اور اس میں کوئی ابہام نہیں ہے

اسلام آباد (ملت آن لائن + آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم باقاعدہ طورپر سعودی اتحاد کا حصہ ہیں اور اس میں کوئی ابہام نہیں ہے ، جنرل راحیل شریف سعودی اتحاد کی سربراہی کے لیے جارہے ہیں ، اتحاد کے خدو خال ابھی طے ہونے ہیں،اتحاد میں شامل ممالک کے دفاعی وزراء کا اجلاس مئی میں ہوگا ،بجلی کی لوڈ شیڈنگ پانی کی کمی کی وجہ سے عارضی ہے اس پر جلد ہی قابو پا لیا جائے گا ۔جمعرات کو نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ ہم سعودی اتحاد کا حصہ ہیں اور جنرل راحیل شریف سعودی اتحاد کی سربراہی کیلئے جا رہے ہیں اتحاد میں شامل ممالک کے وزرائے دفاع کا اجلاس مئی میں ہوگا تب اس اتحاد کے خدو خال ابھی طے کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی لوڈ شیڈنگ کی صورت حال میں کافی بہتری آئی ہے، بجلی کی کمپنیوں کو حکومت پر اعتبار ہے تو پلانٹ لگا رہے ہیں، جلد ہی لوڈ شیڈنگ بحران پر قابو پا لیا جائے گا۔