خبرنامہ

ہوائی آلودگی کو مانیٹر کرنے کے لئے اسلام آباد میں سٹیشن جولائی میں قائم کردیا جائے گا‘ زاہد حامد

اسلام آباد(ملت آن لائن،اے پی پی) وفاقی وزیر قانون و ماحولیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا ہے کہ حکومت نے ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے‘ ہوائی آلودگی کو مانیٹر کرنے کے لئے مانیٹرنگ سٹیشن قائم کئے جارہے ہیں‘ اسلام آباد میں جولائی میں سٹیشن قائم کردیا جائے گا‘ ماحولیات کو بہتر بنانے کے لئے حکومت نے بڑے پیمانے پر جنگلات لگانے اور ماس ٹرانزٹ سسٹم جیسے منصوبوں کا آغاز کیا‘ ماحول دوست ایندھن کے استعمال کے فروغ کے لئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں سینیٹر شیری رحمان نے توجہ مبذول نوٹس پر کہا کہ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان ہوائی آلودگی سے بدترین متاثرہ ممالک میں چوتھے درجے پر ہے۔ ماحولیات کے حوالے سے حکومت ضروری اقدامات نہیں کر رہی جس کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر قانون و ماحولیاتی تبدیلی زاہد حامد نے کہا کہ یہ درست ہے کہ ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والا دنیا کا ساتواں ملک ہے۔ 2011ء کے بعد سے کوئی مصدقہ ڈیٹا ماحولیات سے متعلق دستیاب نہیں جس کی بنیاد پر رینکنگ کی جاسکے۔ ہوائی و ماحولیاتی آلودگی کا مسئلہ بالکل موجود ہے۔ ہمیں اس مسئلے پر تشویش ہے اور ہم نے اس حوالے سے بہت سے اقدامات کئے ہیں۔