ایل او سی پر فائرنگ کے مسئلہ کو سفارتی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے، وزیر تجارت
اسلام آباد(ملت آن لائن) وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے بار بار سرحدی خلاف ورزی پر پاکستان کے سخت تحفظات ہیں، سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پر سخت نوعیت کا جرم نہیں انہیں انصاف ملنا چاہیے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت پاکستان کی امن کی پالیسی کو کمزوری نہ سمجھے بار بار سرحدی خلاف ورزی پر پاکستان کے سخت تحفظات ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ایل او سی پر فائرنگ کے مسئلہ کو سفارتی سطح پر اٹھایا جا رہا ہے، توقع ہے کہ سفارتی سطح پر مسئلہ حل ہوجائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف پر سخت نوعیت کا جرم نہیں انہیں انصاف ملنا چاہیے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ انسانی حقوق کی بنیاد پر انڈونیشیا میں قید ذوالفقار کو چھوڑا جائے وہ سخت بیمار ہیں ۔ وزارت خارجہ کو بھی اس حوالے سے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیاجارہا ہے، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان
اسلام آباد، وزیر مملکت برائے خزانہ رانا محمد افضل خان نے کہا ہے کہ ایل او سی پر بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیاجارہا ہے، انسانی حقوق اپنی جگہ بحیثیت قوم ہمیں قانون کا احترام کرنا چاہیے، انڈونیشیا میں قید ذوالفقار کے مسئلہ کو وزیر خارجہ سفارتی سطح پر اٹھائیں گے۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کا پالیسی کے تحت جواب دیاجارہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہاکہ انڈونیشیا میں قید ذوالفقار کے مسئلہ کو میڈیا نے اٹھایا ہے، وزیر خارجہ نے اس حوالے سے بیان دیا ہے کہ وہ ذوالفقار کے مسئلہ کو سفارتی سطح پر حل کرائیں گے۔