خبرنامہ

یورپی یونین الیکشن آبزرورمشن نے پاکستان میں عام انتخابات 2018ء کےحوالہ سےمرتب کردہ رپورٹ سپیکرقومی اسمبلی کوپیش کردی

سیاست دانوں کے

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن)یورپی یونین الیکشن آبزرور مشن نے پاکستان میں عام انتخابات 2018ء کے حوالہ سے مرتب کردہ رپورٹ سپیکر قومی اسمبلی کو پیش کر دی ہے جبکہ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے جو مثالی قربانیاں دی ہیں دنیا نے وہ پذیرائی نہیں دی جس کا پاکستان مستحق ہے۔ وہ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس میں یورپی یونین الیکشن آبزرور مشن کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ کو صحیح معنوں میں عوام کا ترجمان بنانے میں اپنا کردار ادا کروں گا، تعلیم، صحت، ماحولیات، احتساب اور کرپشن کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات ہیں، کرپشن کے خاتمہ کے بغیر کوئی معاشرہ آگے نہیں بڑھ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ قانون سب کیلئے ایک ہی ہو گا اور کوئی بھی اس سے مبرا نہیں ہے، معیشت کو استحکام دینا سب سے بڑا چیلنج ہے اور ہم اس چیلنج کو قبول کرتے ہوئے اپنے پاؤں پر کھڑے ہوں گے، پاکستان کو ویلفیئر اسٹیٹ بنانا ہمارا مشن ہے اور ہم اس مشن میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں امن کے قیام کیلئے پاکستان نے بڑی قربانیاں دیں اور پاکستان کا ہر گھر دہشت گردی سے متاثر ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم پر مسلط کی گئی، اس کی وجہ سے ہمیں بھاری جانی و مالی نقصانات اٹھانا پڑے ہیں، پاکستان نے دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پا لیا ہے جس سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، وہ پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا تعلق پاکستان کے اس خطہ سے ہے جس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں، دنیا نے پاکستان کو وہ پذیرائی نہیں دی جس کا وہ مستحق ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت علاقائی رابطوں کو فروغ دینے اور خطہ سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے۔ یورپی یونین کے وفد نے اسد قیصر کو سپیکر کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا استحکام اور پارلیمنٹ کی بالادستی خوش آئند ہے۔ وفد نے سپیکر کو الیکشن 2018ء کے حوالہ سے مرتب کی گئی رپورٹ بھی پیش کی۔