اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) چیئرمین آل پاکستان یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سید عارف حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے پانچ سال میں کارپوریشن کے 12 ایم ڈی تبدیل کیے، جو لوگ آئے انہوں نے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا ، پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کے باعث مسائل جوں کے توں رہے، جو منیجنگ ڈائریکٹر مسائل کو سمجھ کر کام کرنا چاہتا تھا اس کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا جاتا تھا۔ ادارے کے ملازمین کے مسائل گزشتہ 12سال سے چل رہے ہیں، توقع ہے کہ موجودہ حکومت ہمارے مسائل کا صحیح ادراک کرتے ہوئے ان کو حل کرے گی۔ جمعرات کو ’’ملت‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سید عارف حسین نے کہا کہ ہم موجودہ حکومت پر کسی قسم کی الزام تراشی نہیں کر رہے کیونکہ اس کو آئے ہوئے ابھی 60دن ہوئے ہیں، ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہمارے مسائل کو سمجھ کر ان کا حل نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے مزید سٹاک خریدنے کی پابندی لگائی تو ہمارے پاس 4.58 ارب روپے مالیت کا سٹاک تھا ، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کی ملک بھر میں 5 ہزار شاخیں ہیں جن کے لئے کم از کم 10سے11ارب روپے کا سٹاک ہونا چاہیے، موجودہ صورتحال میں ہمارے پاس تیزی سے فروخت ہونے والی اشیاء نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ریکارڈ کے مطابق یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذمے 7 ارب روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دور حکومت میں اگر ہمیں وقت پر ادائیگی کی جاتی تو ہم اس کو سرکل میں لا کر اربوں روپے کما سکتے تھے، بروقت ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے بقایا جات میں اضافہ ہوا اور ہمارا سرکل کمزور ہوتا گیا جس سے ادارے کو نقصان ہوا۔
خبرنامہ
یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے ذمے 7 ارب روپے کے بقایا جات واجب الادا ہیں،چیئرمین آل پاکستان یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن سید عارف حسین
