خبرنامہ

اسلام آباد لاک ڈاؤن،وزیراعظم کی چوہدری نثار کو سیکیورٹی پلان کی ہدایت

اسلام آباد(ملت +آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے اسلام آباد بند کرنے کے اعلان کے بعد حکومت نے بھی شہر کو محفوظ بنانے کیلئے حکمت عملی کی تیاری شروع کردی،وزیراعظم محمد نوازشریف نے وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کو اسلام آباد میں سیکیورٹی کا فول پروف پلان بنانے کی ہدایت کردی۔نجی ٹی وی کے مطابق ہفتہ کو حکومت نے تحریک انصاف کے اسلام آباد میں دھرنے کے اعلان کے بعد شہر کو محفوظ بنانے کیلئے حکمت عملی کی تیاری شروع کردی،سیاسی اور انتظامی حکمت عملی پر مشاورت شروع کردی گئی۔وزیراعظم نے وزیرداخلہ کو ہدایت کردی کہ اسلام آباد میں سکیورٹی کا فول پروف پلان بنایا جائے،عوام اور سرکاری تنصیبات کا تحفظ ہماری پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔وزیراعظم نے کہا کہ احتجاج کے نام پر نظام زندگی اور سرکاری کام مفلوج نہیں ہونا چاہیے۔احتجا ج کیلئے مخصوص مقامات مختص کرنے اور مظاہرین کو ریڈزون میں داخلے سے روکنے کیلئے اقدامات بھی پلان میں شامل ہونگے۔وزرات داخلہ سیکیورٹی کیلئے پنجاب حکومت سے بھی مشاورت کرے گی۔