خبرنامہ

اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کاروباری خواتین کیلئے ملک بھر میں ڈسپلے سینٹر اور علیحدہ مارکیٹیں بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) اسلام آباد ویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کاروباری خواتین کے لئے ملک بھر میں ڈسپلے سینٹراور علیحدہ مارکیٹیں بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے خواتین کو با اختیار بنانے میں مدد ملے گی۔ خواتین کی الگ مارکیٹوں میں انہیں کم کرائے پر دکانیں بھی فراہم کی جائیں تاکہ وہ اپنا مستقبل سنوار سکیں جبکہ صارف خواتین کو بھی سہولت میسر آئے ۔اسلام آباد ویمن چیمبر کی بانی صدرثمینہ فاضل نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ چھوٹے کاروبارکرنے والی خواتین اور دستکاری سے وابستہ عورتوں کی قوت خرید اتنی نہیں کہ وہ کمرشل علاقوں میں دکانیں کرائے پر لے سکیں اس لئے وہ مڈل مین کی محتاج رہتی ہیں جو ان کی محنت کا سارا فائدہ ہڑپ کر جاتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ تاجروں اور عوام کو سہولت دینے کے لئے اتوار بازار بنائے جا سکتے ہیں ، اسلام آباد کے مختلف سیکٹر وں میں پھولوں کی دکانیں بنائی جا سکتی ہیں تو خواتین کیلئے بھی تجارتی مراکز بنائے جا سکتے ہیں۔ویمن چیمبر نے سالانہ نمائشیں منعقد کروانے کا سلسلہ بھی ختم کر دیا ہے کیونکہ اسکے اخراجات جو ناقابل برداشت تھے اور اگر حکومت سستے داموں جگہ فراہم کرے تو یہ سلسلہ دوبارہ شروع کیا جا سکتا ہے جس سے ہزارون خواتین کو فائدہ پہنچتا تھا۔ثمینہ فاضل نے کہا کہ اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن ہوا ہے اسی طرح سینما اور سوئمنگ پولوں کے پلاٹوں پرغیر قانونی پلازے کھڑے کرکے عوام کو تقریح کی سہولت اور حکومت کو ریونیو سے محروم کرنے والوں اور صنعتی پلاٹوں پر کمرشل سرگرمیاں کرنے والے عناصرکے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔