خبرنامہ

اسلام کیخلاف منفی پروپیگنڈا ختم کرنے کی کوشش کرنا ہو گی: سرتاج

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بیرسٹر ظفر اللہ کی کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان اپنے مستقبل کے حوالے سے تشویش میں مبتلاء ہیں، دنیا بھر میں یہ تاثر پھیل رہا ہے کہ مسلمان پرتشدد اور طاقت کے ذریعے اپنی بات منوانے کے قائل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت اسلام کے خلاف جو منفی پروپیگنڈا جاری ہے، اسے ختم کرنے کی کوشش کرنا ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں زیادہ افراتفری مسلم ممالک میں ہے، کوئی خرابی ہے تبھی تو شورش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مغربی میڈیا نے بھی اسلام کے بارے میں منفی تاثر کو ابھارا، القاعدہ اور داعش جیسی تنظیموں کی وجہ سے مغربی دنیا میں اسلام کے بارے میں پرتشدد مذہب ہونے کا تاثر ابھرا ہے۔ مشیر خارجہ نے کہا کہ اسلام پرامن اور سلامتی کا مذہب ہے، جس میں اقلیتوں کو بھی تحفظ حاصل ہے، دنیاوی لحاظ سے بھی ہم مسلمان سائنس اور ٹیکنالوجی میں پیچھے رہ گئے ہیں، موجودہ حالات میں ہماری کمزوریاں تقویت پکڑ رہی ہیں، ہمیں آگے بڑھنے کیلئے اپنی کمزوریوں کو دور کرنا ہو گا۔