خبرنامہ

اطلاعات کی وزارت نئی پالیسی کے مطابق تفریحی و فلم انڈسٹری کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے گی،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات

سعد رفیق پیراگون

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اطلاعات کی وزارت نئی پالیسی کے مطابق تفریحی و فلم انڈسٹری کو ترجیحی بنیادوں پر فروغ دے گی۔ بدھ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی اور دیگر ارکان کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے ذاتی پروجیکشن کے لئے اشتہارات پر بہت زیادہ رقم خرچ کی اور سابق وفاقی حکومت نے17 ارب روپے اشتہارات پر خرچ کردیئے اور اگر اس میں پنجاب کی حکومت کی طرف سے اشتہارات پر خرچ ہونے والی رقم بھی شامل کرلی جائے تو یہ 40 ارب روپے تک پہنچ جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے واضح ہدایات دی ہیں کہ موجودہ حکومت کی پروجیکشن پر کوئی رقم خرچ نہیں کی جائے گی۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ سرکاری میڈیا پر سینسر شپ ختم کردی گئی ہے اور اب اپوزیشن جماعتوں کو بھی پی ٹی وی پر وقت دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کو ہدایت کی گئی ہے کہ تین مہینے میں مختلف علاقوں میں بوسٹرز کی تنصیب کا عمل مکمل کیا جائے۔