خبرنامہ

اعلیٰ تعلیم کے رجحان میں اضافہ حوصلہ افزا ہے:ممنون

اسلام آباد:(ملت+آئی این پی )صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم کے رجحان میں اضافہ حوصلہ افزاء ہے،طلبہ عالمی تبدیلیوں اور صورتحا ل سے خود کو باخبر رکھیں، موجودہ دور میں نئے رجحانات اور حقیقتیں بھی جنم لے رہی ہیں،نوجوانوں کیلئے نئے رجحانات اور عوامل کو جاننا ناگزیر ہے۔وہ ہفتہ کو رفاہ یونیورسٹی کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ یہ جاننا ضروری ہے کہ خطہ دہشتگردی اور انتہاپسندی کاشکار کیوں ہوا ۔کوئی بھی ایک واقعہ پورے خطے کی صورتحال تبدیل کرکے رکھ دیتا ہے،پاکستان نے چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری کی تعمیر کا آغاز کیا،اقتصادی راہداری سے تجارتی قافلوں کا سفر شروع ہوچکا ہے،اقتصادی راہداری کے حوالے سے پاکستان اور چین کا نام تاریخ کے سنہری حروف سے لکھا جائے گا،ہمارے نوجوان جدید علم وفنون حاصل کرکے خود کو آنیوالے دور کیلئے تیار کریں،خطے کو جنگ اور دہشتگرد ی کے چنگل سے نکالنے کیلئے نوجوان کردار ادا کریں،تعلیم کا اخلاقی پہلو نظرانداز کرکے مقاصد حاصل نہیں کیے جاسکتے،خواتین کے کردار کے بغیر قومی ترقی کے خواب کی تعبیر نا ممکن ہے،ملک سے باہر جانے والے نوجوان ملک کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں۔(خ م)