خبرنامہ

افغانستان کا دیرینہ تنازعہ طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا؛اعزاز چوہدری

افغانستان کا دیرینہ تنازعہ طاقت کے ذریعے حل نہیں کیا جاسکتا؛اعزاز چوہدری
اسلام آباد:(م،لت آن لائن) امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز احمد چوہدری نے افغانستان میں قیام امن سے متعلق پاکستان کی جانب سے عالمی کوششوں کی بھر پور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ افغانستان کا دیرینہ تنازعہ طاقت کے زریعے حل نہیں کیا جاسکتا۔جارج ٹاون یونیورسٹی کے بارکلے سنٹر برائے مذہب،امن اورعالمی امور میں جنوبی ایشیاء میں سیکورٹی و استحکام کے حوالے سے لیکچر دیتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ افغانستان میں امن پاکستان میں امن و استحکام کیلئے انتہائی اہم ہے۔انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کی غرض سے عالمی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ افغان مسلے کا کوئی فوجی حل ممکن نہیں۔افغانستان میں امن پاکستان اور خطے کے بہترین مفاد میں ہے۔اعزاز احمد چوہدری نے اس موقع پر دہشت گرد قوتوں کو شکست دینے کیلئے پاکستانی عوام اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں اور بے پناہ کوششوں کو اجاگر کیا۔دہشت گردی کیخلاف پاکستانی فوسرز کی کامیاب آپریشنز کے نتیجے میں ملک میں امن و امان اور اقتصادی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔تاہم سفیر نے واضح کیا کہ پاکستان میں مکمل امن افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کے قیام سے وابستہ ہے۔سی پیک سے متعلق اعزاز چوہدری نے کہا کہ یہ ایک علاقائی اقتصادی منصوبہ ہے جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیاء کے تمام عوام کی زندگی میں نمایاں بہتری آئیگی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیہ ملک بھارت کیساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے۔پاکستان بھارت کیساتھ مسلہ کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب مسالء بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔