خبرنامہ

اقتصادی راہداری سے خطے میں ترقی ہو گی: وزیر اعظم

اشک آباد (ملت + آئی این پی) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں ترقی ہو گی‘ کئی ملک سی پیک میں شمولیت کے خواہش مند ہیں ، ترکمانستان کے صدر کے ساتھ عالمی اور اقتصادی امور پر بات ہوئی ہے ، پاکستان اور ترکمانستان کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے، دونوں ممالک کے درمیان ہر سال اعلیٰ سطح رابطہ ہونا چاہیے،دونوں ممالک کی قیادت ایک بار اشک آباد اور پھر اسلام آباد میں ملاقات کرے ، تاپی گیس منصوبہ خطے میں بہتری کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے پر اہم پیش رفت ہو گی۔ وہ جمعہ کو یہاں ترکمانستان کے صدرقربان علی بردی محمدوف سے ملاقات اور صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کررہے تھے ۔ترکمانستان کے صدر اور وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کے درمیان ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات ،تاپی گیس پائپ لائن منصوبے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق کیاگیا ۔ بعد ازاں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ اقتصادی راہداری سے پورے خطے میں ترقی ہو گی‘ کافی ملک سی پیک میں شمولیت کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ترکمانستان کے صدر کے ساتھ عالمی اور اقتصادی امور پر بات ہوئی ہے۔ پاکستان اور ترکمانستان کی دوستی وقت کے ساتھ مضبوط ہو رہی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان ہر سال اعلیٰ سطح رابطہ ہونا چاہیے۔ دونوں ممالک کی قیادت ایک بار اشک آباد اور پھر اسلام آباد میں ملاقات کرے۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہاکہ تاپی گیس منصوبہ خطے میں بہتری کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے پر اہم پیش رفت ہو گی اور یہ منصوبہ پاکستان میں گیس کی ضروریات پوری کرے گا۔