خبرنامہ

اقتصادی راہداری 10ترقی یافتہ ممالک میں شامل: برجیس طاہر

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی )وفاقی وزیربرائے امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے پاکستان دنیا کے 10ترقی یافتہ ممالک کی صف مین شامل ہوگیا ہے،بھارت اپنی خفت مٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول پر بے گناہ لوگوں کو شہید کر رہا ہے،بھارت باز نہ آیا تو دوسرے طریقے سے جواب دیاجائے گا۔وہ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر دوبارہ عالمی سطح پر اٹھاہے،مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعدآزادی کی جو تحریک چلی۔ اس میں بھارت نے ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سینکڑوں شہریوں کو شہید کیا،کشمیریوں کی تحریک آزادی اب رکنے والی نہیں،بھارتی بربریت سے تحریک مزید زور پکڑ رہی ہے،بھارت کیلئے یہ لمحات انتہائی کٹھن ہیں،ایک طرف مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ ہے تو دوسری جانب بھارت کو پاک چین اقتصادی راہداری سے بڑی تکلیف ہے۔انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا دور سنہری تھا جس سے حکومت اور فوج کے درمیان تعلقات مثالی تھے۔برجیس طاہر نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری کے آغاز سے پاکستان دنیا کے 10ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوگیا،لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں،بھارت اگر باز نہ آیا تو دوسرے طریقے سے جواب دیا جائے گا۔(خ م+ار)