خبرنامہ

اقوام عالم انسانی حقوق سے متعلقہ پالیسیوں کی تشکیل میں احتیاط برتے، صدر

اسلام آباد:(ملت+(اے پی پی) صدرمملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ کشمیریوں اورفلسطینیوں کو حقِ خودارادیت کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے اوراقوام عالم انسانی حقوق سے متعلقہ پالیسیوں کی تشکیل میں احتیاط برتے۔ اسلام آباد میں ایوان صدرمیں انسانی حقوق کے عالمی دن پر تقریب منعقد کی گئی، تقریب میں اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق اوروفاقی وزیربرائے انسانی حقوق کامران مائیکل نے بھی شرکت کی، صدرمملکت نے انسانی حقوق کے لیے نمایاں خدمات دینے والے کارکنوں میں ایوارڈ بھی تقسیم کیے جب کہ گلوکارشفقت امانت علی خان نے نغمہ ”روتی آنکھوں کے آنسو پونچھیں، دل تسخیر کریں“ بھی پیش کیا۔ صدرممنون حسین نے ایوان صدرمیں انسانی حقوق کے عالمی دن پرتقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ کشمیریوں اورفلسطینیوں کو حقِ خودارادیت کے بنیادی حق سے محروم کردیا گیا ہے، ایسے اقدامات نہ کیے جائیں جن سے دوسروں کے حقوق متاثرہوں، عالمی برادری کو انسانی حقوق کی پامالی کا نوٹس لینا چاہیے جب کہ اقوام عالم انسانی حقوق سے متعلقہ پالیسیوں کی تشکیل میں احتیاط برتے۔ صدرممنون حسین کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی پامالی کی اصلاح احوال کی ذمہ داری پوری انسانیت پرعائد ہوتی ہے، عالمی امن کے لیے انسانی حقوق کے تحفظ کی عالم گیر تحریک کی ضرورت ہے۔