خبرنامہ

امن عامہ برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور

امن عامہ برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے،وفاقی وزیر مذہبی امور
اسلام آباد(اے پی پی،ملت آن لائن) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ملک میں امن و امان اور بالخصوص محرم الحرام کے دوران امن عامہ کی صورتحال کو برقرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے، تمام مکاتب اور مسالک کے علماء و مشائخ عظام محرم الحرام کی حرمت کا احترام کرتے ہوئے متفقہ جامع ضابطہ اخلاق پر عمل کریں تاکہ ملک دشمن قوتوں کی ہر سازش کو ناکام بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو یہاں محرم الحرام 1439ھ کے حوالہ سے مختلف مسالک کے ممتاز اور جید علماء کرام و مشائخ عظام، خطباء اور مذہبی شخصیات کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یہ اجلاس وزارت مذہبی امور کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا جس میں مختلف مسالک کے علماء کرام و مشائخ عظام کے علاوہ وزیراعظم کے قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی۔ اجلاس کے دوران علماء کرام نے ایک جامع ضابطہ اخلاق پر اتفاق رائے کیا اور اس حوالہ سے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ضابطہ اخلاق کے تحت تمام مکاتب فکر اپنے درمیان محبت، رواداری اور افہام و تفہیم کی فضاء قائم کرنے کی خلوص دل سے کوششیں کریں گے۔ دوسرے مسالک کے اکابرین کا احترام کریں گے۔ علماء کرام، خطباء اور مصنفین اپنی تقریروں اور تحریروں میں توازن اور اعتدال پیدا کریں گے اور ایسے اشتعال انگیز بیانات اور تحریروں سے پرہیر کریں گے جن سے دوسروں کی دل آزاری ہو۔ علماء نے اتفاق کیا کہ مسلکی تنازعات کو باہم مشاورت، افہام و تفہیم اور سنجیدہ مکالمہ کے اصولوں کی روشنی میں طے کیا جائے گا۔ عوامی پلیٹ فارم سے اپنے مخالفین کے خلاف طعن و تشنیع سے اجتناب کیا جائے گا۔ امہات المومنین، صحابہ کرامؓ، اہل بیت اطہار اور اولیاء کرام، تابعین و تبع اور تمام مسلمانوں کے ادب و احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جائے گا اور ان میں سے کسی کو بھی تنقید کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ قومی اور ملکی حالات اور معاملات میں تمام مکاتب فکر کے علماء کرام متفق و متحد ہیں۔ اجلاس میں صوبائی حکومتوں سے بھی اپیل کی گئی کہ صوبائی اور ضلعی سطح پر اس طرح کے اجلاس منعقد کئے جائیں تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علماء و مشائخ عظام کے تعاون کے شکر گزار ہیں، نظام صلوۃ کا نفاذ ہو یا کوئی اور قومی یا مذہبی تہوار ہمیشہ علماء کرام نے اپنا تعمیری اور مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشرہ میں امن، بھائی چارے اور رواداری کی فضاء کو قائم کرنے میں علماء کرام اور مشائخ عظام کا کردار انتہائی اہم ہوتا ہے،