خبرنامہ

ایشیائی پارلیمانی اسمبلی نے سات قراردادیں منظورکر لیں

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے سینٹ کو آگاہ کیا ہے کہ ایشیائی پارلیمانی اسمبلی نے بہتر طرز حکمرانی ، پارلیمانی نظام ، جمہوری استحکام،فلسطینی عوام کی حمایت سمیت مختلف معاملات پر سات الگ الگ قراردادیں منظورکر لیں جو باضابطہ طور پر اے پی اے کی مجلس عاملہ کو بھیج دی گئی ہیں۔ اس امر کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان بالا کی مہمانوں کی گیلریوں میں اے پی اے کی خصوصی کمیٹی کے مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے کیا۔ مہمانوں میں بھوٹان کے سپیکر اور شام کا وفد بھی شامل تھا۔ چیئرمین سینیٹ نے اراکین سینٹ کو مہمانوں کی آمد کے بارے میں آگاہ کیا اور کہا کہ اے پی اے کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس انتہائی کامیاب رہا بھارت نے بھی اجلاس کی مکمل کاروائی میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف معاملات پر کمیٹی نے سات قراردادیں منظور کی ہیں جوکہ اپے پی اے کی انتظامی کمیٹی کو بھیج دی گئی ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ مندوبین میں 22 رکن ممالک کی پاریمان کے 70 کے قریب مہمانان شامل تھے۔ بھارت اور سر ی لنکا نے بھی کاروائی میں حصہ لیا ۔ انہوں نے مندوبین کو مہمانوں کی گیلری میں خوش آمدید کہا اراکین نے ڈیسک بجا کر مہمانوں کا خیرمقدم کیا۔ چئیرمین سینت نے کہا کہ خصوصی کمیٹی نے مغربی سرمایہ داروں کے استحصال پر بھی توجہ دی ہے اور ایشین پارلیمنٹ کے قیام میں غور شروع کر دیا ہے۔ یعنی ایشیاء فار ایشیاء کے لئے ہوگا۔ (اع)