خبرنامہ

ایکنک اجلاس :کالا شاہ کاکو تا لاہور رنگ روڈ منصوبے کی منظوری

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کونسل (ایکنک) نے وزیر اعظم قومی صحت پروگرام اور تربیلا توسیعی منصوبے سمیت 143 ارب روپے سے زائد کے سات ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی ہے ، وزیر اعظم قومی صحت پروگرام پر 8 ارب روپے سے زائد ، تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے پر 82 ارب سے زائد مندرہ چکوال روڈ کی بہتری پر 9 ارب روپے سے زائد ، کالا شاہ کاکو لاہور رنگ روڈ کے منصوبے پر 12 ارب روپے سے زائد ، ٹیکنالوجی پارک اسلام آباد پر 7 ارب سے زائد جبکہ یونیورسٹیوں کے فیکلٹی ڈویلپمنٹ منصو بہ پر7ارب روپے خرچ کئے جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کے اجلاس میں وزیر اعظم کے نیشنل پروگرام برائے صحت جسے ملک کے غریب ترین34اضلاع میں نافذ کیا جا رہا ہے کے نظرثانی شدہ تخمینہ کی منظوری دے دی گئی جس کی نئی لاگت8.179ارب روپے کر دی گئی ہے اس منصوبے کو36ماہ میں مکمل کیا جائے گا جس کے تحت ہر غریب خاندان کو 50ہزار روپے مالیت کی ثانوی صحت کی انشورنس کور اورڈھائی لاکھ روپے مالیت کی بنیادی صحت کی سہولیات اور علاج و معالجہ کی سہولت فراہم کی جائے گی، ایکنک نے قابل تجدید توانائی سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کا دوسرا نظرثانی شدہ تخمینہ15.794ارب روپے منظور کر لیا جس کے تحت مجموعی طور پر56.2میگاواٹ کے تین ہائیڈرو پاور پراجیکٹس تعمیر کئے جائیں گے جن کے تحت ڈرال خوار ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، رینولیا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، ماچائی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اسی منصوبے کے تحت کوٹو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، جیبوری ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور کورورا ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی فیزیبلٹی سٹڈی بھی کروائی جائے گی۔ اجلاس میں تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے کی منظوری دے دی گئی جس کیلئے 82.361ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔اجلاس میں کالا شاہ کاکو سے لیکر لاہور رنگ روڈ تک شاہراہ کی تعمیر کیلئے 12.848ارب روپے لاگت کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی جس کے تحت دریائے راوی پر چھ لین سڑک کی تعمیر بھی شامل ہے ۔