خبرنامہ

بلاول گھر سے احتساب شروع کریں: عابد شیر

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کہتے ہیں کہ بابر اعوان کی کرپشن کا کیس سپریم کورٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ نندی پور پاور پلانٹ پر سابق چیف جسٹس نے سوموٹو لیا تھا، نندی پور پاور پراجیکٹ میں 6 کروڑ کا ٹیکا لگایا گیا تھا، بابر اعوان جیسا فراڈیا عدالت میں کیا بات کرے گا؟ عابد شیر علی بلاول پر بھی خوب گرجے برسے، کہتے ہیں کہ بلاول گھر سے احتساب کا عمل شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول انکل، آنٹیوں سے پیسے واپس لائیں، پھر کوئی عمرہ کریں۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ پاکستان میں بہت ڈاکے مارے گئے ہیں، ایک ماڈل لاکھوں ڈالر نہیں کما سکتی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلاول اپنے انکل سے اربوں روپے واپس لائیں، بلاول انکل کے ہیلی کاپٹر سے دوسرے گھر چلے جاتے ہیں، ہم بلاول کے انکلوں کو بے نقاب کریں گے۔ عابد شیر علی نے مزید کہا کہ بلاول خود ساختہ جلاوطن شرجیل میمن کو پاکستان لائیں۔