خبرنامہ

بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے خطے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہا ہے، ایاز صادق

انقرہ(ملت + آئی این پی )اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہاہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئیپورے خطے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ترکی کے شہر انقرہ میں او آئی سی کے پارلیمانی فورم سے خطاب کے دوران ایاز صادق نے کہا کہ بھارت اشتعال انگیزی، بیان بازی اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کررہا ہے تاہم تمام پاکستانی ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے ہروقت تیار ہیں جب کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کو پیلٹ گن سے نشانہ بنا رہا ہے بلکہ مقبوضہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے پورے خطے کی سلامتی خطرے میں ڈال رہا ہے۔ ایاز صادق نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں کالے قوانین کے تحت معصوم کشمیریوں کا نشانہ بنا رہا ہے اور کشمیری عوام کی جائز جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے منسوب کررہا ہے جب کہ عالمی برادری نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت نہیں کی۔