خبرنامہ

بھارت کی حرکتیں خطے میں امن کیلئے خطرے کا باعث ہیں، دفتر خارجہ

اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے کہا ہے کہ سارک کانفرنس میں شرکت سے انکار بھارت کی بدقسمتی ہے ، بھارت کی تمام حرکتیں خطے میں امن کے لئے خطرے کا باعث ہیں ، اس کا کشیدگی بڑھانے انتہائی خطرناک ہے ، اڑی حملہ، پانی بند کرنے کی دھمکیاں اور دیگر تمام اقدامات کا بھارتی مقصد دنیا کی توجہ کشمیر کی صورتحال سے ہٹانا ہے ،بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث خطے کے عوام مزیر پسماندگی کا شکار ہوں گے ، سارک پلیٹ فارم کا مقصد خطے کے غریب عوام کی معاشی حالت بہتر بنانا ہے ، بھارت کا رویہ ہمیشہ منفی رہا اور اس نے سارک پلیٹ فارم اور کانفرنسز کے عمل میں روڑے اٹکائے ، فیکٹ فائنڈنگ مشنز بھارت کے چہرے سے نقاب اتار پھینکیں گے ، بھارت کو ایک نہ ایک دن مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا ، مسئلہ کشمیر ہمارے لئے اہم ہے اس کو بالائے طاق نہیں رکھ سکتے ، بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث معاملات اس نہج پر پہنچ جائیں گے کہ عالمی برادری کو خود مداخلت کرنا پڑے گی ۔ بدھ کو ایک ٹی وی انٹرویو میں دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس زکریا نے بھارت کے سارک کانفرنس کے شرکت کے انکار پر کہا کہ یہ بھارت کی بہت بڑی بدقسمتی ہے اسے ایک نہ ایک دن مذاکرات کی میز پر آنا پڑے گا ، آر ایس ایس دہشت گرد تنظیم ہے ، بھارت کی اسٹیبلشمنٹ2006سے لیکراب تک ایسے واقعات خود کرانے میں ملوث رہی ہیں تاکہ اس کا الزام دوسروں پر لگا دیا جائے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت اور لوگوں پر تشدد کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ، اب تک 107سے زائد لوگ شہید اور ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں ، بھارت کا رویہ ہمیشہ منفی رہا ، گاہے بگاہے اس نے سارک کانفرنس کی راہ میں روڑے اٹکائے ، وہ صورتحال کو مزید خراب کرنے کے نقطہ نظر سے ایسے اقدامات کر رہا ہے اور اس کی تمام کوششوں کا ایک ہی مقصد عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانا ہے اور اسے یہ بھی خوف ہے کہ اگر فیکٹ فائنڈنگ مشنز مقبوضہ کشمیر میں آئے تو اس کا اجتماعی قبروں والا معاملہ بھی بے نقاب ہو جائے گا، پیپلز ٹربیونلز 3ہزار اجتماعی قبریں دریافت کر چکے ہیں جبکہ کہا گیا ہے کہ 8سے9ہزار قبریں موجود ہیں بھارت ان کو درانداز قرار دیکر دفنانے کے دعوے کرتا ہے ، مشنز بھارت کے چہرے سے نقاب اتار پھینکیں گے اور بھارت کے انسانیت کے خلاف جرائم کا مقدمہ بھی مضبوط ہو گا،بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث خطے کے عوام مزیر پسماندگی کا شکار ہوں گے ، سارک پلیٹ فارم کا مقصد خطے کے غریب عوام کی معاشی حالت بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ سشما سوراج نے اقوام متحدہ میں کھڑے ہو کر جھوٹ بولا اس کی قراردادوں سے انحراف کیا جبکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے وزیراعظم کے خطاب کو تمام عالمی رہنماؤں نے سراہا اور درجنوں سائید لائنز میٹنگز بھی کامیاب رہیں ، پاکستان کہیں سے تنہا نہیں یہ کوئی معمولی ملک نہیں ہے بلکہ ترقی کے تمام راستے یہاں سے ہو کر گزرتے ہیں ، بھارت منفی اقدامات کر کے صرف اپنے آپ کو خوش کر رہا ہے ، پاکستان کی سالمیت پر کوئی بات آئی تو اس کا بھرپور جواب دیں گے ، بھارت کی تمام حرکتیں خطے کے امن کے لئے خطرے کا باعث ہیں ، کشیدگی بڑھانا خطرناک ہے، تجارت کے لئے پاکستان کو پسندیدہ ترین ملک قرار دینے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے سب سے اہم ایشو کشمیر ہے ، ہم اس کو بالائے طاق رکھ کر مذاکرات سمیت کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث معاملات اس نہج پر پہنچ جائیں گے کہ عالمی برادری کو خود مداخلت کرنا پڑے گی۔