خبرنامہ

بھاشا: اراضی کے حصول کے بغیر ہی تین بار فیتہ کاٹا گیا: عابد

اسلام آباد (ملت + ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کا اراضی کے حصول کے بغیر ہی تین بار فیتہ کاٹا گیا‘ اس کا باضابطہ سنگ بنیاد آئندہ سال وزیراعظم نواز شریف رکھیں گے‘ ہم نے 80 فیصد اراضی حاصل کرلی ہے‘ اس سے قبل کی حکومت میں یہاں اراضی کے حصول میں بڑے پیمانے پر دھوکہ دہی کی تحقیقات کی رپورٹ جلد منظر عام پر لائیں گے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران نگہت پروین میر کے سوال کے جواب میں وزیر مملکت برائے بجلی عابد شیر علی نے بتایا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لئے 37 ہزار 419 ایکڑ اراضی میں سے 28 ہزار 274 ایکڑ اراضی حاصل کرلی گئی ہے۔ اس کے فیتے ضرور کاٹے گئے۔ اس ڈیم سے 4500 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔ اس ملکی اہمیت کے حامل منصوبے پر آئندہ سال کام شروع کردیں گے۔ یہاں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 6.4 ملین ایکڑ فٹ ہے۔ یہ منصوبہ سات سے آٹھ سال میں مکمل ہوگا۔ اراضی کے حصول کے لئے اپنے پی ایس ڈی پی سے دیا ہے۔ اس کا حتمی سنگ بنیاد آئندہ سال وزیراعظم نواز شریف رکھیں گے۔ اس پر لاگت 894 ارب روپے تھی تاہم اب اس میں ہو سکتا ہے تاخیر کی وجہ سے مزید بڑھ جائے۔ اس کا بھی احتساب ہونا چاہیے کہ کس وجہ سے اس پر کام نہیں ہو سکا۔ میاں منان کے سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اراضی کے حصول کے لئے جو کھیل کھیلا گیا وہاں پہلے انوسٹر بھیج کر وہ زمین خریدی گئی پھر ان سے مہنگے داموں خریدی گئی۔ اس کی وزیراعظم نے انکوائری کرائی ہے جلد اس کی رپورٹ سامنے آجائے گی۔