خبرنامہ

بیرونی قرضے سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کئے جا رہے ہیں؛ بلیغ الرحمان

بیرونی قرضے سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کئے جا رہے ہیں؛ بلیغ الرحمان
اسلام آباد: (ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے تعلیم و تربیت بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ بیرونی قرضے سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کئے جا رہے ہیں، حکومتی اقدامات کے نتیجے میں ملکی معیشت بہتر ہوئی ہے، جی ڈی پی کی شرح نمو میں اضافہ ہو رہا ہے، امن و امان برقرار رکھنا اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینا حکومت کی ذمہ داری ہے، بڑی صنعتوں کی شرح میں ترقی سے روزگار کے مواقع بڑھیں گے۔ انہوں نے یہ بات جمعہ کو ایوان بالا میں سینیٹر اعظم سواتی کی تحریک التواء پر بحث سمیٹتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی قرضے سے متعلق غلط اعداد و شمار پیش کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت ترقی کر رہی ہے اور شرح نمو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ گزشتہ مالی سال کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو 5.28 فیصد رہی۔ 2017-18ء میں اس میں مزید بہتری کا امکان ہے۔ مالی خسارہ میں بھی کمی ہوئی ہے۔ پی ایس ڈی پی میں وفاقی اخراجات کا حصہ 18 فیصد ہے۔ دفاع پر 21 فیصد رقم خرچ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت امن و امان برقرار رکھنے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔ کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔