خبرنامہ

بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کررہا ہے ، ماروی میمن

اسلام آباد(ملت+آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ضرورت مند افراد کی بہتری اور ان کی معاشی حالت بہتر کرنے کے لیے بینظیرانکم سپورٹ پروگرام اہم کردار ادا کررہا ہے ، پاکستان کی عورتوں کے حالات اور ان کو معاشرے میں جائز مقام دلانے کے لیے بی آئی ایس پی جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے۔ وہ جمعرات کو ایوان صدر میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔ چیئرپرسن نے اپنے ادارے کی سالانہ کارکردگی کی رپورٹ صدر مملکت کو بھی پیش کی اور ادارے کی کارکردگی کے متعلق آگاہ کیا۔صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ تین سالوں سے حکومت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام پر خاص توجہ دے رہی ہے اور اس کے معیار کو مزید بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔صدر مملکت نیکہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کاوسیلہ تعلیم پروگرام جوپرائمری بچوں کی تعلیم کے فروغ کے لیے ضرورت مند خاندانوں کی مالی امداد کی صورت میں ہے، ایک احسن اقدام ہے۔ اس سے اسکولوں میں بچوں کے پڑھنے کی تعداد میں اضافہ ہو گا۔ صدر مملکت نے اطمینان کا اظہار کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اپنے ادارے میں شفافیت لانے کی طرف بھر پور توجہ دے رہا ہے اور اس کے لیے وہ تمام اسٹیک ہولڈرز سے رابطے میں رہتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی جنوبی ایشیاکا سب سے بڑا سماجی ویلفیئر کا ادارہ ہے جو لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے کی طرف کوشاں ہے۔ صدر مملکت نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ ، ملازمین اور قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی کوششوں کی وجہ سے یہ پروگرام غریب افراد کی بہتری کے لئے مزید موثر ثابت ہو گا۔