خبرنامہ

تحریک انصاف انتخابات سے فرارچاہتی ہے، احسن اقبال

تحریک انصاف انتخابات سے فرار چاہتی ہے، احسن اقبال

اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف استعفوں کے ذریعے ملک میں مصنوعی سیاسی بحران پیدا کرکے آئندہ انتخابات سے فرار چاہتی ہے۔ وزیرداخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی استعفوں کے ذریعہ مصنوعی بحران پیدا کرکے انتخابات سے فرار چاہتی ہے، پارلیمنٹ پر لعنت بھیجنا عمران خان کی غیر جمہوری سوچ کی علامت ہے تاہم جمہوری عمل کے خلاف سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان کی کیفیت اس طالب علم جیسی ہے جس کے امتحان سے پہلے ہاتھ پیر پھول جاتے ہیں، مسلم لیگ (ن) انتخابات کے لیے تیار ہے جب کہ معیشت کی بحالی، لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ بڑی کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے تاہم بھارت کشمیر کے مسئلہ سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا۔

……………………………..

اس خبر کو بھی پڑھیے…پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے ٹھکانے موجود نہیں، اعزازچوہدری

لندن:(ملت آن لائن) امریکا میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے موجود نہیں ہیں۔ اعزازچوہدری نے کہا کہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کے محفوظ ٹھکانے موجود نہیں ہیں، پھر بھی امریکا کو شک ہے تو وہ ہمیں بتائے کیونکہ ہم بھی انھیں ختم کرنا چاہتے ہیں، ہم خود ان کوپاکستان سے بھیجنا چاہتے ہیں، ہم نہیں چاہتے کہ طالبان اورحقانی ہمارے پاس رہیں، ہم تو ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ وہ اپنے ملک جا کررہیں کیونکہ وہ ان کا ملک ہے اور وہاں کی مرکزی سیاسی دھارے میں جا کرشامل ہوں، ہماری اطلاعات کے مطابق ان کے پاس وہاں 43 فیصد علاقہ موجود ہے تو ان کو پاکستان میں رہنے کی کیا ضرورت ہے۔ اعزازچوہدری نے کہا کہ افغان مہاجرین ہماری سکیورٹی کے لیے خطرہ بنتے جارہے ہیں، اس لیے ہم چاہتے ہیں کہ وہ بھی واپس جائیں تاکہ سرحد کو محفوظ بنایا جائے، پھربرے لوگ نہ ِادھر سے اُدھر جائیں اورنہ ہی اُدھر سے ادھر آئیں، ہمیں بات چیت کے راستے رکھنے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ انٹیلی جنس کا تعاون بھی رہے۔ پاکستانی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کا ہدف افغانستان میں استحکام لانا ہے اور ہمارا بھی یہ ہی مقصد ہے، ہمیں اس حوالے سے مل کرکام کرنا ہوگا کیونکہ اسی میں ہمارا فائدہ ہے، ہم مل کرآگے بڑھ سکتے ہیں، امریکا نے افغانستان میں جو اہداف طے کیے ہیں ان کے لیے مل کرکام کیا جائے گا۔