خبرنامہ

تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں عبرت ناک شکست دکھائی دینا شروع ہو گئی ہے

ننکانہ صاحب (ملت آن لائن + آئی این پی) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کو آئندہ انتخابات میں عبرت ناک شکست واضح طورپر دکھائی دینا شروع ہو گئی ہے، 2018 ء کی متوقع شکست کے پیش نظر اپوزیشن شدید بے چینی کا شکار ہے، حقیقت یہ ہے کہ تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی نے ماسوائے محمدنواز شریف کے خلاف سازشوں اورکرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ وہ ہفتہ کو ضلع ننکانہ کی تحصیل سانگلہ ہل کے نواحی قصبے پنڈت والا میں گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عوام کی کثیر تعداد سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہاکہ 2018 ء کی متوقع شکست کے پیش نظر اپوزیشن شدید بے چینی کا شکار ہے ،انہوں نے کہا کہ حقیقت اس امر کی ہے کہ تحریک انصاف اورپیپلزپارٹی نے ماسوائے محمدنواز شریف کے خلاف سازشوں اورکرپشن کے سوا کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہاکہ ایک طرف محمدنواز شریف نے پاکستان کی ترقی سے متعلق اپنے وژن کی تکمیل کے لیے گزشتہ سالوں میں شب وروز کام کیا جس کے مثبت اثرات آج واضح طورپر دیکھے جا سکتے ہیں تو دوسری جانب صوبہ خیبر پختونخواہ میں تحریک انصاف کی حکومت محض محمدنواز شریف کو نااہل قرار دینے اور اُن کی حکومت کو ڈی ریل کرانے کے لیے لاک ڈاؤن اوردھرنوں جیسی سازشوں میں مصروف عمل رہی اور صوبہ خیبرپختونخواہ کے عوام جنہوں نے تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیاتھا اُن کی ترقی وخوشحالی کے لیے کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے افسوس کے ساتھ اپنی کرپشن اور نااہلی کے باعث صوبہ سندھ کو کھنڈرات میں تبدیل کر دیا ہے اور وہاں اگر کوئی میگا منصوبہ نظر بھی آتا ہے تو وہ بھی وفاقی حکومت اور محمدنواز شریف کے وژن کے مرہون منت ہے۔چوہدری محمد برجیس طاہر نے مزید کہا کہ اس ناقص کارکردگی کے پس منظر میں یہ جماعتیں کیسے توقع کرتی ہیں کہ آئندہ انتخابات میں عوام انہیں ووٹ دیں گی اور اس حقیقت کا ان جماعتوں کو بھی بخوبی علم ہو چکا ہے اس لیے انہوں نے محمدنوازشریف کو نااہل قرار دلوانے کے لیے پانامہ کیس کی پاداش میں غلط الزام تراشی کی جس کو پاکستان کی عدالت عالیہ نے مسترد کر دیا ۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی ہر میدان میں رسوائی جاری رہے گی اور2018 ء کے انتخابات میں بھی مسلم لیگ (ن) عوام کی بھرپور آواز بنتے ہوئے ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھے گی۔