خبرنامہ

تعلیمی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا،صدر ممنون

تعلیمی شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کیا جائے گا،صدر ممنون
اسلام آباد (اے پی پی،ملت آلائن)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ راولپنڈی میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام سے سماجی اور اقتصادی ترقی کا عمل تیز ہو گا اور تعلیم کے شعبے میں مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کا خوش دلی سے خیر مقدم کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی جس نے منگل کو سینیٹر کامران مائیکل کی قیادت میں ان سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ وفد میں غیر ملکی ملٹی نیشنل کمپنیوں کے سربراہان شامل تھے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ تعلیم انسانی صلاحیتوں میں اضافے کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور موجودہ حکومت سماجی و اقتصادی شعبے میں ترقی کے لئے بہت محنت کر رہی ہے۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ کے لئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے جن میں وزیراعظم لیپ ٹاپ سکیم اور وزیراعظم فیس واپسی پروگرام جیسے منصوبے شامل ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک کی معاشی اور اقتصادی ترقی میں یونیورسٹیوں کا اہم کردار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے، سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول موجود ہے اور پاکستان ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کا کھلے دل سے خیرمقدم کرے گا۔ صدر ممنون حسین نے وفد کی جانب سے روات میں پنجاب حکومت کے اشتراک سے انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے قیام پر خوشی کا اظہار کیا اور تعلیمی منصوبوں کے قیام کے سلسلے میں غیر ملکی وفد کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشرے کے غریب طبقات کی بہتری کے لئے ان کی جدوجہد مستحسن ہے۔ صدر مملکت نے پاکستانی طلبہ کو سکالر شپس دینے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم میں رفاحی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے تعاون کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ونٹر اولمپکس میں ضرور حصہ لے گا۔