خبرنامہ

حق خودارادیت کے لئے کشمیریوں کی جہدوجہد کی حمایت جاری رکھیں گے، پاکستان

نیویارک (ملت + آئی این پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ پاکستان حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیری عوام کی جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ نیویارک میں پاکستان مشن میں یکجہتی کشمیر کے حوالے ہونے والی تقریب سے خطاب سے کرتے ہوئے ڈاکٹرملیحہ لودھی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں اور جارحیت کے ذریعے کشمیری عوام کی آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن پاکستان نے ہر فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور کشمیر کی آزادی تک اس جدوجہد کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ملیحہ لودھی کا مزید کہنا تھا کہ کشمیر کے نصب العین کو اجاگر کرنے کے لئے پاکستانی عوام میں اتحاد پیدا کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ پاکستان میں حملے انہی کا کام ہے جو ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں اور ان حملوں کے ذریعے کشمیر کے معاملے پر پاکستان کا منہ بند کرانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں ہر حال میں جاری رکھے گا۔پاکستان کی سلامتی اور سیکورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ ان حملوں سے پاکستانیوں اور کشمیریوں کے حوصلے کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔۔۔۔(خ م)