خبرنامہ

حکومتی اصلاحات سے ملک میں معاشی استحکام آگیا ہے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہاہے کہ حکومت کی جانب سے کی گئی اصلاحات سے ملک میں معاشی استحکام آگیا ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اہم ساختی اصلاحات پر عملد رآمد کو جاری رکھا جائے تاکہ جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کی جاسکے ، حکومت اور آ ئی ایم ایف کے درمیان 28 مارچ سے دبئی میں شروع ہونے والے مشاورتی اجلاس کے دوران پاکستان کی جانب سے اصلاحات کے نتیجہ میں معاشی کامیابیوں کو بھرپو ر انداز میں اجا گر کیا جائے۔پیر کو وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں اجلاس ہوا جس میں معاشی اظہاریوں اور معاشی اصلاحات کے حوالے سے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔اجلاس میں حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان آرٹیکل4کے تحت دبئی میں 28مارچ سے شروع ہونے والی مشاورتی اجلاس کے حوالے سے بھی جائزہ لیا گیا ۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار آئی ایم ایف سے ہونے والے مشاورتی اجلاس کے آ خر میں شرکت کریں گے ۔ سیکرٹری خزانہ آصف باجوہ نے آئی ایم ایف سے مشاورت کے حوالے سے تیاریوں پر اجلاس کو آگاہ کیا اور اصلاحات کے عمل کو مضبوط کرنے کیلئے اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اس امید کا اظہار کیا کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان تعمیری انداز میں گفتگو ہوگی ۔ جس طرح سہ ماہی جائزہ اجلاسوں میں ہوتی تھی ۔انہوں نے زوردیا پاکستان نے معاشی اصلاحات کے تحت جو کامیابیاں حاصل کی ہیں ،آئی ایم ایف سے مشاورت کے دوران مکمل طورپر اجاگر کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحات کی وجہ سے ملک میں معاشی استحکام آگیا ہے اور اہم ساختی اصلاحات کو جاری رکھا جائے تاکہ جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی حاصل کی جائے ۔ واضح رہے کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کا پروگرام کامیابی سے ختم کر لیا تھا ۔ آئی ایم ایف سے مشاورت پروگرام کے اختتام کے بعد کی مانیٹرنگ کے تناظر میں کی جا رہی ہے ۔ دبئی میں مشاورت کے دوران پاکستان کی معیشت کے حوالے سے کی گئی بشمول توانائی کے شعبے میں اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا ۔( وخ)