خبرنامہ

حکومت انسانی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کیلئے مواقع پیدا کر رہی ہے، مخدوم خسرو بختیارکی وفد سے گفتگو

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) پاک چین اقتصادی راہداری پاکستان میں اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے عظیم منصوبہ ہے، موجودہ حکومت انسانی وسائل کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کیلئے مواقع پیدا اور ملک کو اقتصادی بحران سے نکالنے کے لئے موثر منصوبہ بندی کررہی ہے ۔ اس حوالے گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی ،ترقی واصلاحات مخدوم خسرو بختیار نے وفد سے گفتگو کرتے ہو ئے کہاکہ حکومت پاکستان کو طویل مدت میں درمیانی آمدنی والا ملک بنانے کی غرض سے ڈھانچہ جاتی اقتصادی اصلاحات لانے کے لئے مؤثر اقتصادی منصوبے پر کام کررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکس انتظامیہ کی بہتری،بچت کے دائرہ کار اور سرمایہ کاری میں توسیع کیلئے مالیاتی اداروں کی حوصلہ افزائی،سرمایہ کاری کے مواقع اوراس کی لاگت اور وقت میں کمی ،انتظامی طریقے کارمیں بہتری اور ٹیکنالوجی کی مدد سے ملک کی معیشت بحال ہوگی۔