خبرنامہ

حکومت تعلیم پر بھرپور توجہ دے رہی ہے چوہدری برجیس طاہر

ننکانہ صاحب(ملت +آئی این پی)وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا ہے کہ دین اسلام میں عورتوں کی تعلیم پر بہت زور دیا گیا ہے ۔ وہ ہفتہ کو شاہ کوٹ میں گرلز ہائیر سیکنڈری سکول میں ہونہار طلباء میں سکالر شپ تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ انہو ں نے کہا کہ اسلام نے تعلیم کی اہمیت سے دُنیا کو آج سے چودہ سوسال پہلے اُس وقت روشناس کرایا جب یورپ سمیت پوری دُنیا جہالت کے اندھیروں میں ڈوبی ہوئی تھی۔وفاقی وزیر نے کہاکہ پاکستانی قوم بڑی ہونہار قوم ہے اور جب جب اس قوم کو اپنا ٹیلنٹ دکھانے کا موقع ملا تواس نے پوری دُنیا کو حیران کر دیا۔ اس کا واضح ثبوت یورپ اور مغرب سمیت پوری دُنیا میں وہ ہونہار پاکستانی انجینئر ز اور ڈاکٹرز ہیں جو اُن قوموں کی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ پاکستانی طلباء لیاقت کے حساب سے کسی سے کم نہیں ہیں ہمارے طلباء کیمبرج کے امتحانات میں تمام مضامین میں سب سے زیادہ ایز اور اے ایل لے کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ تعلیم کے میدان میں جدید دُنیا کے کسی بھی ملک سے مقابلہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے ۔ تعلیم کے لیے سینکڑوں ارب کا بجٹ مختص کیا گیا ہے ، اس کے علاوہ ایجوکیشنل امپاورمنٹ فنڈ کے تحت ہونہار طلباء کو سکالر شپس دیے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کمپیوٹر و دیگر جدید تعلیم سے روشناس کرانے کے لیے حکومت نے باصلاحیت طلباء کے لیے لیپ ٹاپ سکیم شروع کر رکھی ہے ۔مستحق طلباء کے ایجوکیشن ووچر سکیم کے تحت امداد کی جارہی ہے نہ صرف یہ حکومت پی ایچ ڈی کے لیے باصلاحیت طلباء کو دُنیا کی بہترین یونیورسٹیوں میں بھیج رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تعلیم کے معیار کوبلند کرنے کے لیے اساتذہ کی اعتمادسازی پر بھی بھر پور توجہ دی جارہی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر ہم اپنے طلباء کے ٹیلنٹ کو صیح سمت میں استعمال کریں تو کوئی شک نہیں کہ پاکستان بھی سائنس اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے دُنیا کا مرکز بن سکتا ہے آخرمیں وفاقی وزیر نے سکالر شپ لینے والی طالبات کو مبارک باد پیش کی اور اُنہیں مستقبل میں مزید محنت کرکے اپنے ملک کا نام روشن کرنے کی بھی ہدایت دی۔