خبرنامہ

حکومت دھرنے کا پر امن حل چاہتی ہے، وزیر مملکت مریم اورنگزیب

حکومت دھرنے کا پر امن حل چاہتی ہے، وزیر مملکت مریم اورنگزیب
اسلام آباد؛ وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ حکومت کا مقصد صرف اور صرف امن ہے اس لیے دھرنے کا بھی پرامن طریقے سے حل چاہتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسحاق ڈار پر جو جھوٹے الزامات لگے تھے وہ عدالت میں ہیں، اسحاق ڈار کی طبعیت خراب ہے انہیں استعفیٰ دینا ہوگا تو خود اعلان کریں گے جب کہ ان کا استعفیٰ وزیراعظم کی صوابدید ہے لہٰذا اسحاق ڈار کی استعفے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 2013 کے مقابلےمیں دیکھا جائے تو اب معیشت مستحکم ہوئی ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، اسحاق ڈار نے بہت محنت کی ہے اس لیے ان سے متعلق افواہیں غیر مناسب ہیں۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا وژن ہے ملک میں آئین و قانو نی بالادستی ہے جس سے کسی کو استثنا حاصل نہیں ہونا چاہیے۔ اسلام آباد دھرنے سے متعلق سوال پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کا مقصد صرف امن ہے، حکومت کو 2013 سے دھرنوں کی عادت ہے، یہ دھرنے عمران خان کا تحفہ ہیں جس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں کیونکہ انہوں نے 4 سال تو اور کچھ نہیں کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آزادی اظہاررائے کو سمجھتے ہیں لیکن ہر شخص کو اپنی ذمہ داری نبھانا چاہیے، حکومت پر امن طریقے سے دھرنے کا حل چاہتی ہے، تمام لوگوں کا فرض ہے کہ وہ حکومت کا ساتھ دیں تاکہ مل کر ملک کو آگے لے جایا جاسکے۔ پی ٹی آئی رہنما داور کنڈی کو پارٹی سے نکالے جانے سے متعلق سوال پر وزیر مملکت نے کہا کہ پی ٹی آئی کا رویہ ایسا ہوچکا ہے کہ اس میں جو بھی سچ کے خلاف یا کمزور طبقے کے خلاف بولے گا اسے خود پارٹی سے جانا پڑےگا، سب جانتے ہیں پی ٹی آئی کس چیز کا پرچار کرتی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان دوسری جماعتوں پر نظر رکھنے سے بہتر اپنی جماعت کو دیکھیں کہ ان کی اپنی جماعت کا کیا حال ہورہا ہے، یہ سب اس لیے ہے کہ عمران خان نے جو بویا وہی کاٹ رہے ہیں۔