خبرنامہ

حکومت نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کر لی

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیرمملکت برائے تعلیم و داخلہ بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خاطرخواہ کامیابی حاصل کر لی، ملک سے دہشت گردوں کوجڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا وعدہ پورا کریں گے، دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہیں،پاکستان کے تمام ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں ، کوئی بھی ملک تنہا رہ کر ترقی نہیں کر سکتا،تعلیم کا فروغ ، معیشت کی بہتری، تو انائی بحران اور انتہا پسندی کا خاتمہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ وہ جمعرات کو ہائر ایجوکیشن کمیشن میں فرانس کا قومی دن منانے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور فرانس میں گزشتہ 70 برس سے بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک کاتعلیم کے میدان میں تعاون خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین اکیڈیمک اور صنعتی رابطوں کے باعث پاکستان کا اعلیٰ تعلیم اور تجارت کے شعبے فرانس کے اکیڈیمک اور کمرشل سیکٹر کی سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں سے مستفید ہو سکیں گے۔ وزیر مملکت نے اس بات پر زور دیا کہ بہترین تعلیم اور باہمی رضا مندی کے مقاصد کے لئے اساتذہ اور طلباء کے تبادلہ کے پروگرام اور تحقیق میں تعاون بہت اہمیت کے حامل ہیں ۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی تبادلہ کے پروگرام سفارتی تعلقات میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لاتے ہیں پاکستان کے تمام ممالک سے برادرانہ تعلقات ہیں اور ہم نمو کے لئے تعاون چاہتے ہیں ،کوئی بھی ملک تنہا رہ کر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے وعدوں کے بارے میں بتایا ، جن میں تعلیم ، تو انائی ، معیشت اور انتہا پسندی کا خاتمہ شامل ہیں ۔ ہم نے مختلف محاذوں پر دہشتگردی کوشکست دی ہے ۔ ہماری معیشت نے بین الاقوامی سطح پر ایک مقام حاصل کر لیا ہے اور ہم نے اپنے وعدوں کے مطابق حوصلہ افزاء جی ڈی پی گروتھ ریٹ حاصل کر لیا ہے ہم نے معاشی اور ماحول دوست توانائی کے ذرائع سے توانائی کی کمی پر خاطر خواہ حد تک قابو پا لیا ہے ۔ تعلیم کے با رے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ اعدادو شمار کو سامنے رکھتے ہوئے ہم امید کرتے ہیں کہ تعلیم کے شعبہ کے اہداف2030ء تک حاصل کر لیئے جائیں گے، جبکہ دہشت گردی کے بارے میں وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف خاطرخواہ کامیابی حاصل کر لی ہے اور ملک سے اس کوجڑوں سے اکھاڑ پھینکنے کا وعدہ پورا کریں گے۔ انہوں نے پیرس میں حملہ کے متاثرین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کے اقدامات کی پر زور مذمت کی اور کہا کہ پاکستانی قوم فرانس کے درد کو محسوس کر سکتی ہے ۔بعد میں پاکستان میں فرانس کی سفیر مسز مارٹین ڈورینس نے کہا کہ دونوں ممالک تعلیم ، سائنسی اور معاشی میدانوں میں مضبوط اور لازوال تعلقات رکھتے ہیں ۔ فرانسیسی سفارتخانہ کی حمایت سے پاکستان فرانس ایلمونی نیٹ ورک ملک کے بڑے شہروں میں پاکستانی طلباء کو فرانس میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع کی آگاہی فراہم کریں گے ۔ فرانسیسی سفارتخانہ دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ تعلیم کے اشتراک کو مضبوط بنائے گا اور ہماری خواہش ہے کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانی طلباء فرانس میں تعلیم حاصل کریں اور اس سلسلہ میں ہمارا سفارتخانہ سہولیات فراہم کرے گا ۔ملک بھر کی یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر ، فرانس کے اعلیٰ یونیورسٹیوں کے نمائندے ، فرانسیسی سفارتخانے کے حکام اور پی ایف اے این کے اراکین بھی اس موقع پر موجود تھے۔(ار)