خبرنامہ

حکومت ٹیکنیکل ایجو کیشن کے فروغ کے اقدامات کررہی ہے،انجینئر بلیغ الرحمن

بہاول پور (ملت+آئی این پی )وفاقی وزیرمملکت فنی تعلیم و داخلہ انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے بیروز گاری کے خاتمے میں مدد کے لئے ٹیکنیکل ایجو کیشن کے فروغ کے اقدامات کر رہی ہے ،پاکستان میں ٹیکنیکل ایجو کیشن حاصل کرنے والوں کا تناسب ایک فیصد سے بھی کم ہے ،حکومت پرائمری کے بعد پڑھائی چھوڑ دینے والے بچوں کو ہنرمند بنانے کی منصوبہ بندی کر چکی ہے ،بیلاروس کے وزیرا عظم اپنی کابینہ کے ہمراہدورۂ پاکستان نیک شگون ہے،یہ بات انہو ں نے سابق صدر بہاول پور پریس کلب رانا عبدالسلام سے ان کے والد کی وفات پر اظہار تعزیت کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ بیلاروس کے ساتھ تعلیم ،صحت ،انفراسٹرکچر اور دیگر معاملات میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بات ہوئی ہے ،پوری دنیا میں 16فیصد بچے ٹیکنیکل ووکیشنل ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں ،جرمنی جس کی اعلی مثال ہے جہاں سب سے زیادہ 30فیصد سے زائد بچے ٹیکنیکل تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،جبکہ پاکستان میں ٹیکنیکل تعلیم حاصل کرنے والو ں کی شرح ایک فیصد سے بھی کم ہے ،انہوں نے کہا کہ پرائمری کے بعد بچوں کا تعلیم حاصل نہ کرنا باعث تشویش تھا جس کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت نے ٹیکنیکل سکولوں کوکا نظریہ پیش کیا۔ جو چھٹی سے دسویں تک کے سکول ہوں گے ، ان کو چھٹی، ساتویں، آٹھویں میں سکول میں رکھنے کی خاطرکم نمبرو ں کے باوجود پرموٹ کیا جاتا رہے گا ،ان کو مزید فنی مضامین پڑھائے جائیں گے ،اور نویں دسویں میں 190نیوٹک کے منظور شدہ کورسزکرائے جائیں گیجن میں ٹیلرنگ ‘ویلڈنگ ،بیوٹیشن ،کمپوزنگ و دیگرشامل ہیں ،ان ٹیکنیکل سکولوں کو پیف ماڈل کی طر ح چلایا جائے گا ،پرائیوٹ سکول حاصل کر کے فی بچہ فیس ہم دے رہے ہیں اور وہ پروگرام ہمارا پڑھائیں گے،تین ٹیکنیکل سکول پچھلے سال کھولے گئے ہیں اور12 سکول اس سال کھولے جائیں گے جن میں 3 اسلام آباد 3 آزاد کشمیر اور 3 گلگت اور 3 فاٹا میں اس سال کھولے جائیں گے‘اگلے سال اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ،تاکہ ملک بھر میں ایسے سینکڑوں سکول ہوں۔ اس سے قبل انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے سابق صد ر بہاول پور پریس کلب رانا عبدالسلام سے انکے والد کی وفات پر انکے گھر جا کر اظہار تعزیت کی اور فاتحہ پڑھی ،اور دعا کی کہ اللہ تعالی مرحو م کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور ان کے درجات کو بلند فرمائے۔ اس موقع پر محمد بلیغ الرحمن نے رانا عبدالسلام کی صحافتی خدمات کو بھی سراہا اور ان کے بہاول پور پریس کلب کے دور صدارت کو مثالی قرا ر دیا۔