خبرنامہ

حکومت پر سکون ہے‘ عمران ن لیگ کا اثاثہ ہیں انکی وجہ سے ہمیں فائدہ ہو رہا ہے، احسن اقبال

لاہور(ملت + آئی این پی)وفاقی وزیر برائے ترقی و سماجی بہبود احسن اقبال نے کہا ہے کہ پہلی بات سمجھ لینی چاہئے کہ کرپشن اور شفافیت عمران خان کا ایشو ہی نہیں ‘عمران خان پانامہ کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور انہیں خوف ہے کہ اگر حکومت کو سال ڈیڑھ سال مل جائیگا اور تمام منصوبے مکمل ہوجائیں گے تو 2018 کے انتخابات میں بھی ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ‘ حکومت پر سکون ہے عمران خان ن لیگ کا اثاثہ ہیں عمران خان کی سیاست سے ن لیگ کو فائدہ ہورہا ہے، اِنہوں نے جو طرز سیاست اپنا رکھا ہے وہ ہٹلر کی طرز کی سیاست کر رہے ہیں۔اپنے ایک انٹر ویو میں و فاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پہلی چیز تو یہ دیکھنے والی ہے کہ کیا واقعی عمران خان کا ایشو کرپشن اور شفافیت ہے یا سیاست؟ اگر عمران خان واقعی کرپشن کا خاتمہ چاہتے ہیں تو ان کا عمل اس کے مطابق ہوتا ، کے پی کے میں ان کے وزیر اعلی اور وزیروں کی بدترین کرپشن کے ثبوت پیش کئے،بجائے یہ کہ وہ اپنی حکومت کی انکوائری کراتے انہوں نے اپنے ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سرزنش کر دی‘صوبائی احتساب کمیشن کی چھٹی کرا دی ،شیر پا کی پارٹی کے وزرا کو کرپشن پر فارغ کیا اور پھر واپس بھی لے لیا ۔احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان اپنے آپ کو مسٹر کلین بنا کر پیش کرتے ہیں لیکن ان کا پورا عمل ان کی کرپشن کہانی کے بالکل برعکس ہے ،پہلی بات سمجھ لینی چاہئے کہ کرپشن اور شفافیت عمران خان کا ایشو ہی نہیں ہے ،وہ پانامہ کے نام پر سیاست کر رہے ہیں اور انہیں خوف ہے کہ اگر حکومت کو سال ڈیڑھ سال مل گیا اور ان کے منصوبے پورے ہو گئے تو 2018 کے انتخابات میں بھی ان کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا ۔ انہوں نے کہا کہ ملک مشکل سے ترقی کے سفر پر گامزن ہوا ہے ،قوم چاہتی ہے کہ ملک چلے ،ہم نے فساد کی سیاست کو روکنا ہے، حکومت عمران کے احتجاج کے وقت ممکنہ خدشات سے نمٹنے کیلئے انتظامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت پاکستان کی سرحدوں پر کشیدگی بڑھا رہا ہے ،دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے ،کشمیری عوام پاکستان کی جانب دیکھ رہے ہیں، اس وقت ہمیں اتحاد کی کی ضرورت ہے اور عمران خان نے یہ کونسا وقت چنا ہے؟ ان کے اس عمل سے دشمن کو طاقت مل رہی ہے۔