خبرنامہ

داسو ڈیم بجلی کی پیداوار شروع کرے گا: عابد شیر

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ داسو ڈیم کا پہلا فیز 2022ء سے بجلی کی پیداوار شروع کرے گا‘ 4 عالمی بنکوں نے ضمانت پر 80 کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے‘ ان کا جائزہ مکمل ہو چکا ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران عابد شیر علی نے بتایا کہ داسو کا پہلا فیز 2022ء میں بجلی پیدا کرے گا۔ پیپلز پارٹی کے دور میں یہ کام شروع ہوتا تو آج اس سے بجلی پیدا ہو رہی ہوتی۔ یہ کریڈٹ بھی ہماری حکومت کو جاتا ہے۔ حکومت پاکستان کیی ضمانت اور واپڈا بیلنس 144 ارب روپے کی سرمایہ کاری گیارہ فروری 2016ء کو حبیب بنک کی سرپرستی میں سات مقامی بنکوں کے کنسورشیم کو اختیار دیا گیا ہے۔ معاہدے پر جلد دستخط ہوں گے۔ چار بین الاقوامی بنکوں نے 80 کروڑ ڈالر تک کی سرمایہ کاری کی پیشکش کی ہے۔ ان کا جائزہ مکمل ہو چکا ہے۔