خبرنامہ

دشمن خوشحالی اورترقی کا راستہ نہیں روک سکتے؛ مریم اورنگزیب

دشمن خوشحالی اورترقی کا راستہ نہیں روک سکتے؛ مریم اورنگزیب
اسلام آباد:(ملت آن لائن) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے پشاور کے علاقے حیات آباد میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس افسوسناک واقعہ میں ایڈیشنل آئی جی اشرف نور سمیت دہشت گردی کا نشانہ بننے والوں کیلئے گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ جمعہ کو ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی پولیس، مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کرکے وطن عزیز کی بنیادیں مضبوط کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قربانیاں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہمارے پختہ قومی عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہر پاکستانی دہشت گردی کے خلاف سینہ سپر رہے گا اور خون کے آخری قطرے تک دہشت گردوں کے خلاف لڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن دہشت گردی کے ذریعے امن، خوشحالی اور ترقی کا راستہ نہیں روک سکتے۔