خبرنامہ

ذہین طلباء کو تربیت دینے کیلئے وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین نیشنل سکول آف سائنس و ٹیکنالوجی قائم کرنے کا منصوبہ تیار

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) وزارت سائنس و ٹیکنالوجی نے ذہین طلباء کو تربیت دینے کیلئے وفاقی دارالحکومت میں جدید ترین نیشنل سکول آف سائنس و ٹیکنالوجی قائم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے۔ قومی سطح کے اس منصوبے کیلئے رواں سال کے پی ایس ڈی پی میں مطلوبہ بجٹ مختص کیا گیا ہے تاہم منصوبے کیلئے تاحال اراضی مختص نہیں ہوئی۔ سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ نیشنل سکول آف سائنس و ٹیکنالوجی کے قیام کا آئیڈیا کئی سال پرانا ہے لیکن متعلقہ حکام کی غفلت کی وجہ سے اس پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔ سائنس و ٹیکنالوجی کسی بھی ملک کی ترقی کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور ملک کو ترقی کے راستے پر گامزن کرنے کیلئے اس سیکٹر پر مناسب توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ یہ سکول کیڈٹ کالج کی طرز پر تعمیر کیا جائے گا جہاں بیک وقت 300 طلبا و طالبات کو تربیت دی جا سکے گی۔