خبرنامہ

ریاست تمام قومی زبانوں کی ترقی اور ترویج پر یقین رکھتی ہے،

معاشرے کی اصلاح

کراچی (ملت + آئی این پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ریاست تمام قومی زبانوں کی ترقی اور ترویج پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، پاکستان کی تمام علاقائی زبانیں ہماری قومی زبانیں ہیں جو ملک کے یکجہتی اور اتحاد کو مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہیں۔ وہ جمعرات کو آرٹس کونسل آ ف پاکستان کے وفد سے بات چیت کر رہے تھے جس نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس کراچی میں کونسل کے صدر احمد شاہ کی قیادت میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ ریاست تمام قومی زبانوں کی ترقی اور ترویج پر یقین رکھتی ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں ثقافتی اور سماجی اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان آرٹس کونسل کراچی قومی ثقافت کے فروغ اور معاشرے میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کے فروغ کے لیے قابل قدر خدمات انجام دے رہی ہے۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ قومی ادارہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ خدمات سر انجام دیتا رہے گا۔ صدر مملکت نے آرٹس کونسل کے کئی برس سے جاری اردو میلے کی تحسین کی اور کہا کہ اس کے ذریعے زبان و ادب کی تعلیم وتحقیق اور فن کے مختلف شعبوں میں ترقی کی رفتار تیز ہوئی ہے جو قابل مبارک باد ہے۔صدر مملکت نے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی طرف سے پاکستان کی علاقائی زبانوں کی قومی کانفرنس کے منصوبے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔ وفد میں آرٹس کونسل کے صدر احمد شاہ ، سیکریٹری جنرل پروفیسر اعجاز فاروقی، مسلم لیگ (ن) کے رہنما ناصر الدین محمود، ممتاز اداکار طلعت محمود کے علاوہ نمایاں دانشور، ادیب ،شاعر اور فنکار بھی موجود تھے۔دریں اثنا صدر مملکت سے یونائیٹڈ میمن جماعت آف پاکستان کے وفد نے بھی ملاقات کی اور انھیں اپنی سرگرمیوں کے بارے میں بتایا۔ صدر مملکت نے کمیونیٹی کی فلاح وبہبود کے لیے یونائیٹڈ میمن جماعت آف پاکستان کی تعریف کی۔ صدر مملکت سے میمن کمیونٹی کے سربراہ عزیز میمن کی سربراہی میں ملاقات ہوئی۔