خبرنامہ

ریلوے تنصیبات اور ٹرینوں کی سکیورٹی سخت کی جائے‘ سعد رفیق

لاہور(ملت +آئی این پی)وفاقی وزیر ریلو ے خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ جو کمپنیاں کوالٹی کو مدنظر ر کھتے ہوئے مقررہ وقت پر کام پورا کریں گی انہیں مزید بھی مواقع فراہم کئے جائیں گے کیونکہ معیار اور وقت دونوں بہت اہم ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریلوے ہیڈکوارٹرز آفس لاہور میں ریلوے اسٹیشنوں کی اپ گریڈیشن اور تعمیر نو کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔وزیر یلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عالمی معیارکو مد نظر رکھتے ہوئے نئے تعمیر اور اپ گریڈریلوے سٹیشنوں کے پلیٹ فارم تیار کرتے وقت اس بات کا خیال ضرور رکھا جائے کہ پلیٹ فارم اور ٹرین میں فاصلہ بالکل کم ہوتاکہ خصوصی اور عام مسافرحضرات باآسانی ٹرین سے اتر یاداخل ہوسکیں۔ انہوں نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اپ گریڈیشن آف ریلوے اسٹیشنزکو ہدایات جاری کیں کہ اپنی پروفیشنل ٹیم تیار کر یں اور ریلوے اسٹیشنو ں کی تعمیرنو اور اپ گریڈیشن کے حوالے سے دورے کرکے کام کی رفتار کے بارے میں مہینہ واررپور ٹ پیش کریں۔ اجلاس میں سیکیورٹی کی موجودہ صورت حال پر بھی غورکیا گیاجس میں ریلوے تنصیبات اور ٹرینوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ۔