خبرنامہ

سرتاج عزیزنےمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں بارےآگاہ کیا

اقوام متحدہ۔:(ملت+ اے پی پی) اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ نے ایک مرتبہ پھر کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مانیٹرنگ اور پاکستان اور بھارت کے درمیان کئی دہائیوں سے جاری مسئلہ کشمیر کے حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔اسلامی تعاون تنظیم کے 57 رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس کے دوران او آئی سی کے کنٹیکٹ گروپس کی رپورٹس کی منظوری دی گئی جس میں جموں و کشمیر کے بارے میں رپورٹ بھی شامل ہے۔رپورٹ میں ادارے کے انڈیپنڈنٹ پرماننٹ ہیومن رائٹس کمیشن پر زور دیا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کا جائزہ لے اور وزراء کونسل کے آئندہ اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کرے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 71 ویں اجلاس کے موقع پر ہونے والے اوآئی سی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کی صدارت کویت کے وزیر خارجہ شیخ صباح الخالد الصباح نے کی جبکہ اجلاس میں رکن ممالک کے وزراء خارجہ اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ایاد امین مدنی بھی شریک ہوئے اجلاس میں وزیراعظم کے خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے امت مسلمہ کو درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی اور اجلاس کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔مشیر خارجہ نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا کہ 8 جولائی کو نوجوان کشمیر رہنما برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد بھارتی افواج کے مظالم میں اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 100 سے زائد معصوم بے گناہ کشمیری شہید اور خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں افراد شدید زخمی ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے خلاف پیلٹ گن کے ظالمانہ استعمال سے 150 سے زائد بے گناہ کشمیری نوجوان بصارت سے محروم ہوگئے ہیں۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ پالیسیوں کے خاتمے ‘کشمیریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں جن میں کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ‘ حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیا گیا ہے پر عملدرآمد کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے۔مشیر خارجہ نے فلسطین کے نصب العین اور مشرق وسطیٰ اور افغانستان میں امن کی بحالی اور استحکام کے لئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا عزم دہرایا۔ اس موقع پر کشمیری عوام کے نمائندہ وفد نے بھی خطاب کیا اور اجلاس کے شرکاء کو مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا۔