خبرنامہ

پاناما کیس اسپانسرڈ سازش اور ہدف پاکستان تھا، سعد رفیق

اسلام آباد(ملت آن لائن)وزیر ریلوے اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما خواجہ سعد رفیق نے پاناما کیس کو اسپانسرڈ سازش قرار دے دیا۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ پاناما پیپرزاسپانسرڈ سازش ہے اور اس کا ہدف پاکستان تھا، بتایا جائے کہ کون سی کرپشن ہوئی اور کہاں ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس کی جے آئی ٹی پر ہمارے تحفظات تھے مگر ہم مسلسل پیش ہوتے رہے، قانون کی جنگ عدالت میں لڑی جاتی ہے، ہم قانونی اورسیاسی جنگ لڑیں گے، فیصلہ حق میں آئے یا نہ آئے ماننا پڑتا ہے اور قانون کے فیصلے کو سب کو ماننا ہوگا تاکہ ملک آگے بڑھے۔

سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں اور کچھ طاقتیں پاکستان کو بھکاری بنا کررکھنا چاہتی ہیں، مخالفین ہمیں کھینچنے کے چکر میں ملک کو پیچھے لے جارہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ناتجربہ کارہیں وہ سمجھتے ہیں الزام بہتان لگا کر اپنا قد بڑھالیں گے لیکن یہ نہیں ہوسکتا، اس سارے معاملے میں سیاستدانوں کا امیج خراب ہوا ہے، بجائے کارکردگی کے ایک دوسرے پر الزامات کی سیاست کی جارہی ہے، اچھا ہوتا سیاسی جماعتیں کارکردگی کی بنیاد پرآگے بڑھنے کی کوشش کرتیں، ملک میں صرف الزامات کی بنیاد پرسیاست ہورہی ہے، کارکردگی کی بنیاد پرنہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ووٹ کے ذریعے حکومت کا آنا اورجانا طے ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا عجیب بات ہے جہاں وہ جیت گئے وہاں دھاندلی نہیں اورجہاں ہارے وہاں دھاندلی ہوئی، وقت ضائع کرنے کے لیے دھاندلی کے الزامات، دھرنا ون اورٹو جیسے طریقے استعمال کیے گئے۔

اس سے قبل سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کی رپورٹ چیلنج کی جائے گی، رپورٹ پر اعتراضات آج جمع ہونے ہیں یا پیر کو، معلوم نہیں۔