خبرنامہ

سپریم کورٹ پر اعتماد ہے تو خان صاحب اِ دھر اُدھر کچہریاں نہ لگائیں، عرفان صدیقی

اسلام آباد(ملت + آئی این پی) قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے لئے وزیراعظم کے مشیر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ وزارت عظمےٰ کا راستہ چھوٹے بڑے جلسے اور دھرنے نہیں، عوام کی تائید و حمایت ہے۔ اس عوامی حمایت کا واحد معیار انتخابات ہیں۔ ایک چھوٹا سا بیلٹ باکس لاکھوں کے جلسوں پر حاوی ہوتا ہے جس دن عمران خان نے جان لیا کہ اقتدار تک پہنچنے کا واحد آئینی ذریعہ عوام کے ووٹ ہیں اس دن وہ سڑکوں کی بے ثمر احتجاجی سیاست سے ٹھوس تعمیری سیاست کی طرف پلٹ آئیں گے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عرفان صدیقی نے کہا کہ عمران خان زیادہ بے چینی کا مظاہرہ نہ کریں۔ سب کچھ سامنے آ جائے گا۔ سپریم کورٹ پر اعتماد ہے تو خان صاحب اِدھر اُدھرکچہریاں نہ لگائیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان دو برس تک دھاندلی کا شور مچاتے اور الیکشن کمشن کو کوستے رہے لیکن انتخابی اصلاحات کی پارلیمانی کمیٹی کی کارروائی میں کوئی حصہ نہیں لے رہے۔ انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی ستر کے لگ بھگ اجلاس کر کے آئینی و قانونی تبدیلیوں کی حتمی سفارشات کے قریب پہنچ چکی ہے لیکن تحریک انصاف کو اس کام سے کوئی دلچسپی نہیں۔ بعد میں وہی اعتراضات اٹھانے والوں میں آگے آگے ہوں گے۔ عرفان صدیقی نے کہا کہ خود خان صاحب کا طرز عمل یہ ہے کہ نومبر 2014 ؁ء میں پارٹی فنڈز کے حوالے سے دائر کی جانے والی پٹیشن میں دو سال گزر جانے کے باوجود نہ پیش ہو رہے ہیں نہ کوئی تحریری جواب داخل کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آخر کار وہی حل قبول کر لیا ہے جس کی پیشکش وزیراعظم اپریل سے کر رہے تھے۔