خبرنامہ

سینٹ: دہشت گردی کے حالیہ واقعات: وزیر ارکان کے تندوتیز سوالات کے جوابات نہ دے سکے

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) وزیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن ملک میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر ایوان بالا میں ان کیمرہ بریفنگ میں ارکان کے تندو تیز سوالات کے جوابات نہ دے سکے‘ ارکان کی جانب سے دہشت گردی کے واقعاات میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وزیر مملکت کی بریفنگ کے دوران سوالات کے جوابات نہ ملنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینٹ نے آئندہ اجلاس میں ارکان کے سوالات کے جواب دینے کی ہدایت کی۔ جمعہ کو چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے معمول کا ایجنڈا ختم کر نے کے بعد و زیر مملکت برائے داخلہ انجینئر بلیغ الرحمن سے ملک میں حالیہ دہشت گردی کی لہر کے حوالے سے بریفنگ لینے کے لئے اجلاس ان کی مرہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ جس کے بعد گیلریوں کو خالی کرا دیا گیا اور دروازوں کو لاک کرایا گیا۔ ان کیمرہ اجلاس جمعہ کی نماز کے لئے وقفہ کیا گیا اور نماز کے بعد دوبارہ اجلاس شروع کیا گیا جو تقریباً 2 بج کر 50 منٹ تک جاری رہا۔ ذرائع کے مطابق و زیر مملکت برائے داخلہ ارکان سینٹ کے دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے تندوتیز سوالات کے جواب نہ دے سکے جس پر ارکان نے احتجاج کیا اور کہا کہ بریفنگ میں اہم ضروری معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں ہمارا وقت ضائع کیا گیا ہے۔ وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا کہ مختصر نوٹس پر تفصیلی بریفنگ ہی دے سکتا جس پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ارکان کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جوابات ملنے چاہئیں۔ جو آپ نے بریفنگ دی ہے یہ سب اخبار میں چھپ چکی ہے۔ ۔۔۔(رانا228 و خ)