خبرنامہ

سینیٹ ، حویلیاں طیارہ حادثہ کی انکوائری رپورٹ مکمل ہوتے ہی ایوان میں پیش کردی جائے گی،حکومت

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) حکومت کی طرف سے سینٹ کو بتایا گیا ہے کہ حویلیاں کے قریب پی آئی اے کے طیارے کے حادثے کی انکوائری رپورٹ مکمل ہوتے ہی ایوان میں پیش کردی جائے گی۔ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے مالی مشکلات کے باوجود ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کو جدید اسلحہ سے لیس کر دیا گیا ہے ، گزشتہ پانچ سال کے دوران پولی کلینک میں ٹائی فائیڈ کے 7230 کیسز سامنے آئے ہیں، پاکستان وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے‘ لاہور سے تاشقند اور اشک آباد کے لئے براہ راست پروازیں جلد شروع ہو جائیں گی،کابینہ ڈویژن کے انتظامی اختیار کے تحت چلنے والے ادارے اپنی صوابدید کے مطابق بھرتی کر سکتے ہیں ، اسلام آباد میں 33 ڈسپنسریاں اور طبی مراکز کام کر رہے ہیں‘ پولی کلینک ‘ پمز اور سی ڈی اے ہسپتال میں مریضوں کے لئے ادویات کی کوئی کمی نہیں‘ حکومت بجلی کی فراہمی پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے، اسلام آباد میں مختلف شاپنگ مالز کے پلاٹوں کی نیلامی میں قواعد کو نظر انداز کیا گیا ، گرینڈ حیات ہوٹل کو سیل کرنے کے حوالے سے عدالت نے سی ڈی اے کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔جمعہ کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر روزی خان کاکڑ کے سوال کے تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے ایوان کو بتایا گیا کہ اس سلسلے میں انفرادی مالی امداد کے علاوہ پاکستان تھیلی سیمیا سنٹر‘ پاکستان سویٹ ہومز‘ چائلڈ سپورٹ پروگرام اور دیگر منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ ایم ڈی بیت المال علاج کے لئے دس لاکھ روپے تک مالی معاونت منظور کرنے کے مجاز ہیں اور اس سے اوپر کے کیسز کی منظوری کے لئے وزیراعظم کو بھجوائے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بیت المال کی خدمات کو معاشرے کے کمزور طبقات کی معاونت کے حوالے سے سراہا جانا چاہیے۔ تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا کہ اس سلسلے میں خالی آسامیوں پر بھرتی کی تفصیلات جلد ایوان میں پیش کردی جائیں گی۔وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ڈسپنسریاں صبح آٹھ بجے سے دوپہر دو بجے تک کھلی رہتی ہیں جبکہ آبپارہ‘ ایوان صدر کالونی‘ پارلیمنٹ لاجز اور سپریم کورٹ کی ڈسپنسریاں 24 گھنٹے کھلی رہتی ہیں۔ ڈسپنسریوں میں صبح اور شام کی شفٹوں میں کام شروع کرنے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے۔ تحریری جواب میں کابینہ ڈویژن کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ہر ڈسکوز کے لئے نیپرا الگ ٹیرف مقرر کرتی ہے جس میں ڈسٹری بیوشن مارجن‘ لاسز اور دیگر چیزوں کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ ٹیرف مقرر کرتے وقت تقسیم کار کمپنی اس حقیقت کو سامنے رکھتی ہے کہ مختلف درجات کے صارفین کی ضروریات کیا ہیں۔ وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ سینٹورس شاپنگ مال‘ صفا گولڈ اور گرینڈ حیات ہوٹل کی نیلامی سابق دور میں ہوئی اور ان کی نیلامی میں قواعد کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔ گرینڈ حیات ہوٹل کی مد میں دس فیصد رقم سی ڈی اے کو ملی ہے جبکہ اس کی زمین کی کل مالیت چھ ارب روپے ہے جس کے بدلے میں مالک کو بنک سے قرضہ لینے کا بھی اختیار دے دیا گیا۔ صفا گولڈ مال اور گرینڈ حیات ہوٹل کو موجودہ حکومت نے سیل کرایا تاہم صفا گولڈ مال کو عدالتی حکم کے تحت کھلوایا گیا ہے لیکن اس کی بے قاعدگی ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ جبکہ گرینڈ حیات ہوٹل کے حوالے سے تین فروری کو عدالت نے سی ڈی اے کے حق میں فیصلہ دیا ہے۔ بے ضابطگیوں میں ملوث کئی سی ڈی اے اہلکار اس وقت جیل میں ہیں اور الاٹمنٹس کے دوران قواعد کو مدنظر نہیں رکھا گیا۔وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ ایئرپورٹس پر مطلوبہ معیاری سیکیورٹی کی فراہمی کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں۔ 2015-16 ء اور 2016-17ء میں ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے لئے اسلحہ بھی خریدا گیا ہے جبکہ حکومت پاکستان اور بحرین کے تعاون سے اے ایس ایف کو جدید آلات بھی فراہم کئے گئے ہیں۔ وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ طیارہ حادثے میں سوار تمام افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔ بلیک باکس سے ہی حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے جب بھی ہمارے ہاں کوئی حادثہ ہوتا ہے تو فوراً افواہیں پھیلنا شروع ہو جاتی ہیں،وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان نے بتایا کہ حال ہی میں پاکستان نے وسط ایشیائی ممالک میں کامیاب روڈ شوز کئے ہیں جس کے بعد پاکستان کی کاروباری برادری نے بھی وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ رابطے بڑھا دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزارت تجارت وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لئے مختلف منصوبوں پر عمل کر رہی ہے اور یورویشین اکنامک یونین میں شامل ہونے کے لئے بھی کوششیں کی جارہی ہیں۔ نومبر 2015ء میں پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مشترکہ بزنس کونسل کا قیام عمل میں لایا گیا جبکہ مئی 2015ء میں ٹی ڈی اے پی اور ترکمانستان کی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ وزارت تجارت اور ٹی ڈی اے پی وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارت بڑھانے کے لئے سرمایہ کاروں اور کاروباری برادری کی بھرپور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ تحریری جواب میں وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے ایوان کو بتایا کہ اس عرصے کے دوران 22 ہزار 440 مریضوں کا لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے معائنہ کیا گیا۔ 2011ء سے پمز میں ٹائیفائیڈ کے داخل مریضوں کی تعداد 110 رہی جبکہ کیپٹل ہسپتال میں ٹائیفائیڈ کے مریضوں کی تعداد 3934 ریکارڈ کی گئی۔(اچ)