خبرنامہ

سی پیک کے تحت میرپوراقتصادی زون پرکام تیزی سے جاری،1078ایکڑاراضی حاصل کرلی گئی،سی پیک سیکرٹریٹ

اسلام آباد ۔(ملت آن لائن) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) کے تحت آزاد کشمیر کے میر پور اقتصادی زون پر کام تیزی سے جاری ہے، آزاد کشمیر کے میر پوراقتصادی زون کیلئے1078 ایکڑ اراضی حاصل کی جاچکی ہے اورصنعتی بستی کے قیام کیلئے اقدامات کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ وزارت منصوبہ بندی میں قائم سی پیک سیکرٹریٹ کے حکام نے ’’ملت‘‘ کو بتایا کہ اقتصادی زون میں مکس انڈسٹری کے قیام کو عمل میں لایا جارہاہے ، زون کی علاقائی و جغرافیائی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس صنعتی بستی سے ائیرپورٹ کا فاصلہ 130کلومیٹر، 22کلومیٹر جی ٹی روڈ،140 کلومیٹر سیالکوٹ سے ،5 کلومیٹر ڈرائی پورٹ،2 کلومیٹر غیر فعال یلوے سٹیشن سے ہے ۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ اس علاقے میں صنعتی بستی کے قیام کی تجویز آزاد کشمیر حکومت کی طرف سے آئی تھی اور اس میں وفاقی حکومت کی طرف سے کوئی مداخلت نہیں کی گئی ہے ۔ حکام کے مطابق سی پیک کے دوسرے مرحلے کے تحت پاکستان میں چین کے تعاون سے صعنتی انقلاب برپا ہوگا‘ اس مرحلہ میں ملک کے چاروں صوبوں ‘ گلگت بلتستان ‘ فاٹا اور آزاد کشمیر میں مجموعی طورپر 9 صنعتی زونز بنائیں جائیں گے۔