خبرنامہ

شریف خاندان ہر قدم قانون کے مطابق اٹھائے گا،سینیٹر عبدالقیوم

شریف خاندان ہر قدم قانون کے مطابق اٹھائے گا،سینیٹر عبدالقیوم
اسلام آباد (اے پی پی،ملت آلائن) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سینیٹر عبدالقیوم نے کہا ہے کہ شریف خاندان ہر قدم قانون کے مطابق اٹھائے گا‘ اگر وہ احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تو اس کا جواز پیش کریں گے۔ منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز بیمار اور لندن میں زیر علاج ہیں، اس دوران وہ احتساب عدالت میں کیسے پیش ہو سکتے ہیں۔ ان کے وکلاء اور دیگر لوگ پیش ہو رہے ہیں جبکہ مجھے یقین ہے کہ نواز شریف خود بھی پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان ہر قدم قانون کے مطابق اٹھائے گا، اگر وہ احتساب عدالت میں پیش نہیں ہو رہے تو اس کا جواز پیش کریں گے،عدالت بھی وہی کرے گی جو قانون کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ملک کے تین بار وزیراعظم رہے ہیں اور وہ ایک بڑی جماعت کے لیڈر ہیں۔ سینیٹر عبدالقیوم نے کہا کہ سابق صدر پرویز مشرف عدالت میں پیش نہیں ہو رہے، ان کے وکلاء پیش ہو رہے ہیں ان پر قتل کے سنگین مقدمات بھی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو چاہیے کہ کالعدم جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت نہ دے، ایسے لوگوں کو انتخابات میں حصہ لینے سے روکنا حکومت کی بھی ذمہ داری بنتی ہے۔